• news

سکیم سے سود ختم کر دیں: خاتون، پروگرام چلنے دیں مثبت تبدیلیاں کرینگے: وزیراعظم

سکیم سے سود ختم کر دیں: خاتون، پروگرام چلنے دیں مثبت تبدیلیاں کرینگے: وزیراعظم

سوات/مینگورہ (آئی این پی) وزیراعظم نے سوات میں قرضہ سکیم کے درخواست دہندگان سے قرضہ لینے کے مقاصد اور اس کی واپسی سمیت دیگر پہلوﺅں پر کھلی گفتگو کی۔ اس دوران وزیراعظم اور کئی درخواست دہندگان کے درمیان دلچسپ مکالمہ ہوا‘ گفتگو کے دوران سوات سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر بخت ناز خان نے وزیر اعظم سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ہماری خواتین غربت اور تکلیف دہ حالات کا سامنا کر رہی ہے۔ آپ ہمارے لئے جاری کئے جانے والے قرضہ سکیم سے سود کا خاتمہ کر دیں۔ مسلمان ہونے کے ناطے یہ آواز صرف میری نہیں بلکہ ہمارے خطے کی تمام خواتین کی آواز ہے۔ ہم عملی کام کرنا چاہتے ہیں۔ آپ ہمارا ساتھ دیں۔ جس پر وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ قرضہ سکیم کے تحت نوجوانوں سے سود وصول نہیں کیا جا رہا بلکہ یہ بینک کے اخراجات کے چارجز ہیں پھر بھی ہم کوشش کریں گے کہ آٹھ فیصد چارجز سے مزید کم کئے جا سکیں۔ پروگرام چلنے دیں آگے چل کر بہت سی مثبت تبدیلیاں کریں گے۔ ہماری پوری کوشش ہو گی کہ نوجوان طبقے پر کسی قسم کا بوجھ نہ آئے۔ مینگورہ کے ایک نوجوان نے کہا کہ ہم وزیراعظم کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہمارے لئے قرضہ سکیم کا اجراءکیا۔ آپ ملک کو ترقی کی طرف لے جانا چاہتے ہیں۔ نوجوان آپ کے ساتھ ہیں۔ ہم جلد ہی قرضہ واپس کریں گے تاکہ دوسرے لوگ بھی اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔ اس دوران وزیر اعظم نے نوجوان سے کہا کہ آپ اونچا بولیں جس پر مینگورہ کے نوجوان نے کہا کہ میں پہلی بار وزیراعظم سے بات کرتے ہوئے کنفیوژن کا شکار ہوں۔ جس پر وزیراعظم نے کہا کہ آپ لمبا سانس لیں آپ کی کنفیوژن ختم ہو جائے گی۔ نواز شریف کے اس جملے پر تقریب میں زور دار قہقہہ لگا۔ بنک منیجر نے کہا کہ ہم قرضہ سکیم کے لئے آنے والے نوجوانوں کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔ نوجوانوں کے شکر گزار ہیں کہ وہ ہماری کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ جس پر نواز شریف نے بینک منیجر کو کہا کہ آپ کی بہتر کارکردگی سے ہی نوجوانوں میں حوصلہ پیدا ہو گا۔
نوازشریف/مکالمہ

ای پیپر-دی نیشن