مشرف کیخلاف پاکستانی شہریوں کو فروخت کرنے پر درخواست دائر، انٹراکورٹ اپیل کی سماعت آج ہوگی
مشرف کیخلاف پاکستانی شہریوں کو فروخت کرنے پر درخواست دائر، انٹراکورٹ اپیل کی سماعت آج ہوگی
اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) سابق صدر پرویز مشرف نے خصوصی عدالت، ججز اور پراسیکیوٹر کی تقرری کیخلاف ایک بار پھر انٹراکورٹ اپیل دائر کردی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت (آج) جمعرات کو ہوگی۔ بدھ کو پرویز مشرف کے وکلا کی جانب سے دائر کی جانیوالی انٹرا کورٹ اپیل میں خصوصی عدالت ،ججز اور پراسیکیوٹر پر عدم اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ پرویز مشرف کیخلاف تعصب اور یکطرفہ کارروائی کئے جانے کا خدشہ ہے جو غیرقانونی ہوگی، اسلام آباد ہائی کورٹ نے درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی۔ دوسری طرف اسلام آباد ہائیکورٹ میں پرویزمشرف کیخلاف پاکستانی شہریوں کو فروخت کرنے پر درخواست دائر کردی گئی۔ درخواست کرنل انعام الرحیم ریٹائرڈ کی جانب سے دائر کی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ سابق صدر پرویز مشرف نے 389 پاکستانی شہریوں کو ڈالرز کے بدلے فروخت کیا،جس کا اعتراف انہوں نے اپنی کتاب میں بھی کیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔ علاوہ ازیں پرویز مشرف نے خصوصی عدالت میں طلبی کے حکم کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی، سماعت آج ہو گی۔
مشرف کیخلاف درخواست دائر