ڈی آئی خان: پولیس وین کے قریب دھماکہ، انسپکٹر سمیت 6اہلکار زخمی
ڈی آئی خان: پولیس وین کے قریب دھماکہ، انسپکٹر سمیت 6اہلکار زخمی
ڈیرہ اسماعیل خان/ نوشہرہ/ پشاور (آن لائن) خیبر پی کے کے جنوبی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکے میں ایک انسپکٹر سمیت چھ اہل کار زخمی ہو گئے۔ ادھر نوشہرہ کے قریب دریا کے کنارے سے چار افراد کی نعشیں ملی ہیں۔ پشاور میں ناکہ کے قریب دھماکے سے ایک انسپکٹر جاں بحق ہوگیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان پولیس کے مطابق بم حملے کا واقعہ تحصیل کلاچی میں روہڑی روڈ پر گرہ گل داد کے قریب پیش آیا۔ پولیس اہل کاروں نے بتایا کہ پولیس کی موبائل گاڑی جب ایک موڑ کے پاس پہنچی تو اسی وقت دھماکہ ہو گیا۔ ایک اہل کار نے کہا کہ یہ دھماکہ دیسی ساختہ بم سے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا۔ اس موبائل گاڑی میں ایس ایچ او محمد عمران اور اے ایس آئی اللہ بخش سمیت چھ اہل کار سوار تھے۔ یہ تمام اہل کار عید میلاد النبی کے جلوس کے بعد جار رہے تھے کہ دھماکے کی زد میں آ گئے۔ دریں اثناءایک اور واقعہ میں نوشہرہ کے قریب دریا کے کنارے سے چار افراد کی نعشیں ملی ہیں۔ پولیس کے مطابق چاروں افراد کو فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا ہے۔ پشاور کے علاقے ریگی ماڈل ٹاون میں ناکے کے قریب دھماکے سے پولیس انسپکٹر جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔ سرچ آپریشن کے دوران مزید دو بم برآمد کر لئے گئے۔این این آئی، ثنا نیوز کے مطابق چار افراد کی نعشیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال نوشہرہ منتقل کردی گئیں۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق چاروں افراد غیرملکی لگ رہے ہیں اور افغان ہو سکتے ہیں، جسم پر شدید جسمانی تشدد کے نشانات بھی موجود ہیں۔ ذرائع کے مطابق چاروں مقتولین طالبان یا شدت پسند قرار دئیے جارہے ہیں۔
ڈی آئی خان