نوابشاہ : سکول وین اور ٹرک میں خوفناک تصادم‘ 17 بچوں سمیت 22 جاں بحق‘ متعدد زخمی
نوابشاہ : سکول وین اور ٹرک میں خوفناک تصادم‘ 17 بچوں سمیت 22 جاں بحق‘ متعدد زخمی
نوابشاہ (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت نیوز) نوابشاہ میں قاضی احمد لنک روڈ پر مگسی سٹاپ کے قریب سکول کی وین اور ٹرک میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایک ہی سکول کے 17 بچوں 2سکول ٹیچرزاور ڈرائیورسمیت 22 افراد جاںبحق اور متعدد افراد شدید زخمی ہو گئے، زخمیوں کو تشویشناک حالت میں قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، مقامی انتظامیہ نے ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی، بچوں کے لواحقین کے ہسپتال پہنچنے پر کہرام برپا ہو گیا، حادثے میں سکول بس مکمل تباہ ہو گئی، بدھ کو نوابشاہ کے نجی سکول کی بس 8 سے 15 سال کے عمرکے بچوں کو لے کر ایک امتحانی مقابلے میں شرکت کے بعد واپس لا رہی تھی کہ قاضی احمد لنک روڈ پر روہڑی کینال کے قریب مگسی سٹاپ پر خطرناک موڑ مڑتے ہوئے سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ شدید تصادم کے نتیجے میں بس میں موجود سکول کے 21 بچے، ایک سکول ٹیچر اور بس کا ڈرائیور بھی جاں بحق ہو گئے جبکہ 10 افراد شدید زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو انتہائی تشویشناک حالت میں قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ حادثے کے بعد سکول بس مکمل تباہ ہو گئی جبکہ ٹرک ڈرائیور فرار ہو گیا۔ مقامی انتظامیہ نے ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے تمام ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کو زخمی بچوں کے علاج و معالجے کی ہدایات جاری کر دیں جبکہ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں میں سے 7 افراد کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ حادثے کی خبر کے بعد بچوں کے لواحقین جب ہسپتال پہنچے وہاں کہرام برپا ہو گیا۔ وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے اس حوالے سے بتایا کہ اس حادثے کی تفتیش کے بعد ہی ذمہ داران کا تعین کیا جائے گا اور تمام زخمیوں کو حکومت کی طرف سے بہترین علاج فراہم کیا جائیگا۔ بس حادثے پر صدر مملکت ممنون حسین‘ وزیراعظم میاں نواز شریف‘ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور دیگر صوبائی وزرائے اعلیٰ‘ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، پاکستان پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری، امیر جماعت الدعوة پروفیسر حافظ محمد سعید، جماعت اسلامی کے امیر منور حسن، سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سربراہ پروفیسر ساجد میر اور ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیا اور صدر مملکت اور وزیراعظم نے حادثے میں زخمیوں کو فوری طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے نوابشاہ کی ضلعی انتظامیہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی جبکہ گورنر سندھ نے بھی آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ علاوہ ازیں سکول بس کے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثا کیلئے سندھ حکومت نے 5، 5 لاکھ امداد کا اعلان کیا ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ حادثے کے سوگ میں آج 16 جنوری کو نوابشاہ میں عام تعطیل ہو گی۔خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے نوابشاہ میں ٹریفک حادثہ پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے اور سوگوار خاندانوں کے نام تعزیتی پیغام میں کہاکہ سکول وین کے حادثہ کے نتیجہ میں متعدد بچے جاں بحق ہوئے ہیں جس پر انتہائی دکھ اور صدمہ ہوا ہے۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر بلدیات و قانون رانا ثناءاللہ خاں نے بھی حادثے پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ خصوصی نامہ نگار کے مطابق پروفیسر حافظ محمد سعید نے افسوسناک حادثہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ نواب شاہ سانحہ نے پوری قوم کو غمزدہ کر دیا ہے۔ سید منور حسن اور لیاقت بلوچ نے ٹریفک حادثے میں معصوم بچوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سکول بس تصادم