• news

چین پاکستان کو ایٹمی پاور پلانٹس کیلئے 6 ارب 50 کروڑ ڈالر دیگا، چینی میڈیا کی تصدیق

بیجنگ (آئی این پی) چین کے میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ چین پاکستان کو جوہری پاور پلانٹس کی تعمیر  کے لئے  6 ارب 50 کروڑ ڈالر دیگا جو پاکستانی معیشت کو مستحکم کرنے میں انتہائی اہم کردار ادا کریگا، پاکستان چین کیلئے مسلم دنیا کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کیلئے ایک پل بن گیا ہے، چین کے مالی تعاون سے کراچی میں قائم ہونیوالے دو ایٹمی بجلی گھروں کی تعمیر سے پاکستان کی ابتر معیشت کی بحالی میں مدد ملے گی۔ چین کی پیشکش سے روزگار کے مواقع پیدا کرنے، بنیادی ڈھانچے کی ترقی کا عمل بہتر بنانے اور سماجی بے چینی کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ چین کے روزنامے ’’گلوبل ٹائمز ‘‘کی رپورٹ کے مطابق سیاسی اور سفارتی تعلقات کے حوالے سے پاکستان نے چین کیلئے ایک پُل کا کام کیا ہے تا کہ وہ مغربی ایشیائی اور شمالی افریقی ممالک اور بحر ہند کے علاقوں میں واقع ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات بہتر کر سکے۔ یہ کوئی حیران کن بات نہیں ہے کہ سول جوہری تعاون نہ صرف بھارت، امریکہ جوہری تعاون کے حوالے سے پاکستان کو آسانی فراہم کریگا بلکہ یہ ڈیل جیت کی صورتحال پیدا کردیگی۔ اس سے پاکستان میں جاری توانائی بحران کے خاتمے، اقتصادی و سماجی ترقی اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی اقتصادی ترقی اور یقینی سیاسی و سماجی استحکام چین کیلئے بھی معاون ثابت ہوگا۔ سیاسی طور پر مستحکم پاکستان دنیا کی سب سے بڑی معیشت کا تحفظ یقینی بنانے میں مدد دیگا کیونکہ دہشت گردی کے باعث مغربی ایشیا میں اس کے مفادات کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق چین نے کراچی میں ایٹمی بجلی گھر کیلئے کم از کم ساڑھے 6 ارب ڈالر فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔  رپورٹ کے مطابق چین کے مالی تعاون سے کراچی میں بننے والے دو ایٹمی بجلی گھروں کی تعمیر سے پاکستان کی ابتر معیشت کی بحالی میں مدد ملے گی۔

ای پیپر-دی نیشن