حکومت طالبان سے مذاکرات میں سپورٹ نہیں کررہی‘ قوم کو حقیقت سے آگاہ کرونگا: مولانا سمیع الحق
اسلام آباد(آن لائن) جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے حکومت پر طالبان کیساتھ مذاکرات میں مدد فراہم نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے طالبان سے مذاکرات کا گرین سگنل تو دے دیا لیکن وہ اس میں میری سپورٹ نہیں کررہی‘ دو چار روز میں قوم کو حقیقت سے آگاہ کروں گا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ حکومت طالبان سے مذاکرات میں سنجیدہ نظر نہیں آرہی۔ طالبان سے مذاکرات کرنے میں اگر حکومت ہی کچھ نہ کرے تو میں کیا کرسکتا ہوں۔ حکومت خود تذبذب کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مجھے طالبان سے مذاکرات کرنے کا گرین سگنل تو دے دیا لیکن وہ خود اس میں سنجیدہ نہیں ہے۔ مذاکرات دوطرفہ تحریک کی صورت میں ہوتے ہیں۔ حکومت سپورٹ نہیں کررہی اور حکومت نے طاقت کا استعمال کرکے بھی دیکھ لیا ہے۔ کسی بھی مسئلے کا حل طاقت کے استعمال سے نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ چند روز میں قوم کو حقیقت سے آگاہ کروں گا۔ یاد رہے کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے جمعیت علماء اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کو کچھ عرصہ قبل ملاقات کے دوران طالبان سے مذاکرات کا ٹاسک دیا تھا جس کے بعد انہوں یہ ردعمل ظاہر کیا ہے۔