بھارتی عسکری قیادت کی اشتعال انگیز بیان بازی الیکشن مہم کا حصہ ہے: حافظ سعید
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بیرونی قوتیں پاکستان میں ہر صورت بد امنی چاہتی ہیں۔ منظم منصوبہ بندی کے تحت شیعہ‘ سنی جھگڑے اور علاقائیت کو پروان چڑھانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ نائن الیون کے بعد بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں جنگی بنیادوں پر ڈیم تعمیر کئے۔ پاکستان کو صومالیہ بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ امریکہ کی واپسی کی خبروں پر بھارت سخت خوف اور پریشانی میں مبتلا ہے۔ بھارتی عسکری قیادت کی اشتعال انگیز بیان بازی بھارت کی الیکشن مہم کا حصہ ہے۔ گذشتہ روز مرکز القادسیہ میں کارکنان و ذمہ داران کی ایک تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ مسئلہ کشمیر پاکستان کیلئے زندگی اور موت کی حیثیت رکھتا ہے۔ ہماری زراعت و صنعت بھی کشمیر سے وابستہ ہے۔ ہمیں کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت کرنا پڑے گی۔ پاکستانی قوم بھارت کو موسٹ فیورٹ نیشن کا درجہ دینے کا فیصلہ قبول نہیں کرے گی۔ مسلمانوں کی قربانیوں کے نتیجہ میں اس خطہ میں ایک نئی صورتحال رونما ہو گی۔ دشمنان اسلام کی سازشوں کے مقابلہ کیلئے پوری قوم کا ایک موقف ہونا چاہیے۔ فرقہ واریت اور شیعہ ‘سنی کے لڑائی جھگڑے ختم کئے جائیں۔ ملک بھر میں وہی ماحول اور جذبے پیدا کرنے کی ضرورت ہے جو قیام پاکستان کے وقت تھے۔ ہم نے سب کو متحد کرنا ہے۔ علماء کرام اور دینی جماعتوں کے قائدین اس سلسلہ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ بھارت اور امریکہ پاکستان حکومت اور طالبان کے مابین مذاکرات کامیاب نہیں ہونے دینا چاہتے۔ وہ مسلمانوں کے مابین خلیج پیدا کر کے اپنے مقاصد حاصل کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ اگر آئندہ کیلئے ہم نے آگے بڑھنا ہے تو ہمیں درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہو گا۔ امریکہ اور بھارت کا منصوبہ تھا کہ واہگہ سے موٹر وے بنے گی‘ بھارت پہلے پاکستان کو تجارتی منڈی بنائے گا‘ پھر وسط ایشیا تک اسکی تجارت پھیلے گی اور بھارت اس خطہ کی سپرپاور بنے گا مگر امریکہ اپنی معیشت تباہ کروا کے اور اپنی حیثیت کھوکر واپس جارہا ہے جس پر بھارت کی امیدوں پر پانی پھر چکا ہے۔