• news

برطانیہ پاکستان سے اعتماد پر مبنی تعلقات کا فروغ چاہتا ہے: فلپ بارٹن

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان میں برطانیہ کے نئے ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے کہا کہ وہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔ بدھ کی صبح اسلام آباد آمد پر ایک بیان میں برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات گہرے اور مضبوط رہے ہیں۔ وہ اپنی سفارتی مدت کے دوران ان روابط کو مزید تقویت دینے کے لئے پرعزم ہیں۔ فلپ بارٹن نے کہاکہ پاکستان میں ہائی کمشنر کی حیثیت سے ذمہ داریاں تفویض ہونا باعث مسرت ہے۔ انہوں نے کہاکہ برطانیہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، تعلیم اور سکیورٹی کے شعبہ جات میں بھرپور تعاون کے ذریعے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے درمیان گہرے عوامی اور ثقافتی روابط استوار ہیں جن سے دونوں ممالک کے درمیان منفرد تعلقات کی اہمیت اجاگر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ باہمی شراکت داری، اعتماد اور افہام وتفہیم پر مبنی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے پاکستانی معاشرے کے تمام طبقات کے ساتھ کام کرنے کے بے تابی سے منتظر ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن