چودھری نثار حکیم اللہ کی ہلاکت پر گھنٹوں روتے رہے شہید اعتزاز کیلئے ان کے پاس دو لفظ بھی نہیں: میاں افتخار
پشاور(آئی این پی) اے این پی کے رہنما خیبر پی کے کے سابق وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار دہشت گردوں کے ترجمان ہیں‘ وہ حکیم اللہ محسود کی ہلاکت پر گھنٹوں روتے رہے لیکن اعتزاز حسن کیلئے انکے پاس دو لفظ بھی نہیں تھے۔ باچا خان مرکز میں اے این پی کے رہنما میاں مشتاق کے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ میاں افتخار حسین نے کہا کہ موجودہ حکومت دہشت گردوں کاساتھ دے رہی ہے، ہم نعشیں اٹھا رہے ہیں اور حکمران بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ حاجی عدیل نے کہا کہ صوبے میں بزدل اور مرکز میں مجبور حکومت بیٹھی ہے، مرکز میں نہ وزیر خارجہ ہے، نہ وزیر قانون کیونکہ وزارتوں کیلئے نوازشریف کے رشتہ دار ختم ہوگئے ہیں اب محکمے کس کو دیں یہ فیصلہ کرنا ان کے لیے بہت مشکل ہے۔