گوالمنڈی: عید میلاداالنبیؐ کے روز بازار میں فائرنگ‘ راہگیر جاں بحق‘ 12 زخمی
لاہور (نامہ نگار) گوالمنڈی کے علاقہ میں پرانی رنجش پر مسلح افراد نے سربازار مخالفین پر اندھادھند فائرنگ کر دی، فائرنگ کی زد میں آ کر ایک راہگیر نوجوان جاں بحق جبکہ ایک بچے اور 3خواتین سمیت 12افراد زخمی ہو گئے۔ فائرنگ سے بھگدڑ مچ گئی اور علاقہ میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ اسلام پورہ میں عید میلاد النبیؐ کے موقع پر کیک کاٹنے کے تنازع پر 5افراد کی فائرنگ سے 2بھائی شدید زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق عید میلادالنبیؐ کے روز اشتہاری ملزمان فرید گجر اپنے بھائی حامد گجر اور دیگر چار مسلح ساتھیوں کے ہمراہ اپنے مخالف راشد گجر کی دکان گوروارجن بازار، گوالمنڈی آیا اور آتے ہی سربازار اندھادھند فائرنگ کر دی جس کی زد میں آکر رشید، طاہر، راشد، الطاف، عابد، ساجد، سعید، راشد، نسیم بی بی، زینب بی بی، ارحم بی بی اور مسکان اور دیگر زخمی ہوئے۔ سی آئی اے پولیس نے چھاپے مارکر 6ملزمان فرید گجر، حامد گجر، سلمان عرف ساغر، محمد عظیم، وسیم عرف بہادر، ندیم عرف دیما کو گرفتار کرکے ان سے اسلحہ برآمد کر لیا ہے جبکہ ملزموں کے خلاف تھانہ گوالمنڈی میں قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ فائرنگ سے بازار میں بھگدڑ مچ گئی، لوگوں نے سڑک پر لیٹ کر اور بھاگ کر جانیں بچائیں۔ اطلاع ملنے پر امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر تمام زخمیوں کو طبی امداد کے لئے میوہسپتال پہنچایا جہاں سلمان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ واقعہ پر اہل علاقہ نے شدید احتجاج اور نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ پولیس بااثر بدمعاشوں کے خلاف کارروائی نہیںکرتی۔ سلمان کی ہلاکت کی اطلاع ملتے ہی اس کے ورثاء کی بڑی تعداد میوہسپتال پہنچ گئی۔ انہوں نے ہسپتال کے عملے سے ہاتھا پائی بھی کی۔ بعدازاں پولیس نے سلمان کی نعش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی ہے۔ نعش گھر پہنچتے ہی کہرام مچ گیا اور علاقہ میں سوگواری کی فضا چھا گئی۔ علاوہ ازیں منگل کے روز اسلام پورہ میں دکاندار جاوید بٹ نے دیگر دکانداروں کے ساتھ عید میلادالنبیؐ کے موقع پر کیک کاٹ رہا تھا کہ اس دوران عمران اور زین سمیت پانچ افراد دکان میں گھس آئے۔ جاوید بٹ اور اس کے بھائی بلال نے کیک دینے سے منع کیا جس پر عمران اور زین نے پسٹل نکال کر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دکاندار جاوید زخمی جبکہ اس کے بھائی کو ملزمان نے پستول کے بٹ مار کر شدید زخمی کر دیا اور فرار ہو گئے۔ پولیس نے عمران، زین اور تین نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔