پاکستان اور بھارت دشمن نہیں، مذاکرات کے ذریعے آگے بڑھنا ہو گا: طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے پاکستان اور بھارت زور دیا ہے کہ وہ تعاون اور امن پر مبنی ہمسائیگی کے تعلقات کا نیا باب کھولیں، فوجی تنائو اور جنگیں، تنازعات اور مسائل کا حل نہیں، ڈائیلاگ کے ذریعے آگے بڑھنا ہو گا، دونوں ملک ہر گز ایک دوسر ے کے دشمن نہیں ان کے مشترکہ دشمن غربت، جہالت،کرپشن اور بے روزگاری جیسے مسائل ہیں، معصوم شہریوں کا قتل بھارت میں ہو یا پاکستان میں انسانیت کے خلاف بڑا جرم ہے، ترقی کی راہیں محبت اور امن کے جذبے سے نکالنا ہوں گی۔ مہاتما گاندھی اور قائد اعظم ؒ نے عدم تشدد اور امن و محبت کا فلسفہ قرآن کے عظیم پیغام سے اخذ کیا تھا۔ پاکستان اور بھارت محمد علی جناح ؒ اور گاندھی کی تعلیمات سے رہنمائی لے کر امن اور ترقی کے سفر کا آغاز کریں۔ دونوں ممالک اگلی نسلوں کے خوشحال مستقبل کیلئے بااعتماد ہمسائے بن جائیں تو سارک ممالک کا ویژن اُبھر کر دنیا کے سامنے آ جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج یونیورسٹی میں ’’پاکستان انڈیا اور سارک ممالک کے تعلقات اور جنوبی ایشیا کا مستقبل‘‘ کے عنوان سے ہونے والے سیمینار سے کینیڈا سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ بھارت اور پاکستان خصوصاً اور سارک کے دیگر ممالک ایسے دور میں داخل ہو رہے ہیں جہاں ان کے آپس کے تعلقات اعتدال پر آجانے چاہئیں اور ان تعلقات کی بنیاد، اعتماد اور باہمی تعاون پر ہونی چاہئے۔