• news

کراچی: دس سالہ گھریلو ملازم چھٹی منزل سے گر کر زخمی‘ مالک مکان گرفتار

کراچی (بی بی سی) کراچی میں پولیس کا کہنا ہے کہ ایک دس سالہ گھریلو ملازم ہریش بھاٹ چھ منزلہ عمارت سے گرنے کے باعث شدید زخمی ہوگیا ہے۔ ہریش کے رشتے داروں کا الزام ہے کہ ہریش پر مالک نے تشدد کیا اور فلیٹ کی چھٹی منزل سے نیچے دھکا دے دیا۔ تاہم مالکان کا کہنا ہے کہ اس نے خوف کے مارے عمارت سے چھلانگ لگا دی۔ ہریش جناح ہسپتال کے سپائنل ایمرجنسی شعبے میں زیر علاج ہے۔ میڈیکل لیگل افسر ڈاکٹر منظور کا کہنا ہے کہ جب بچہ لایا گیا تھا تو وہ سر پر چوٹ لگنے کی وجہ سے بے ہوش تھا۔ انہوں نے کہا کہ بچے کا سی ٹی سکین اور ایکسرے کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت بچے کی طبیعت بہتر ہے اور انہیں جسم پر تشدد کا کوئی نشان نہیں ملا۔ ایس پی محمد ندیم کے مطابق بچے نے بیان میں کہا ہے کہ اس پر تشدد کیا گیا اور چھٹی منزل سے دھکا دیا گیا، جس کے بعد ڈاکٹر منہل کو حراست میں لے لیا گیا۔ ڈاکٹر منہل نے پولیس کو بتایا کہ ان کے گھر سے ڈیڑھ لاکھ روپے چوری ہوئے تھے اور ہریش نے تسلیم کیا تھا کہ اس نے یہ رقم چوری کر کے اپنے بھائی کو دے دی ہے۔ ڈاکٹر منہل کے مطابق ہریش کے اعتراف کی ویڈیو ان کے پاس موبائل پر موجود ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے بچے کو کمرے میں بند کر دیا تھا، جہاں کھڑکی کھلی ہوئی تھی۔ اس نے وہاں سے نکلنے کی کوشش کی اور نیچے گر گیا۔ ڈاکٹر منہل نے پولیس کو مزید بتایا ہے کہ وہ چوری کی ایف آئی آر درج کرانا چاہتے تھے لیکن اس سے پہلے یہ واقعہ پیش آگیا۔ مزید برآں پاکستان تحریکِ انصاف نے بچے پر مبینہ تشدد کے خلاف سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کرائی ہے۔ جناح ہسپتال میں موجود تحریک انصاف کی رکن اسمبلی ڈاکٹر سیما ضیا کا کہنا تھا کہ صوبے میں بچوں سے مشقت پر پابندی عائد کی جائے۔ اگر ضرورت ہو تو ان بچوں کو محکمہ لیبر رجسٹر کرے اور ان کا باقاعدگی سے معائنہ کیا جائے کہ وہ کن حالات میں رہتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن