نئی دہلی میں ڈنمارک کی سیاح خاتون سے اجتماعی زیادتی، متعدد افراد گرفتار
نئی دہلی (بی بی سی+ اے ایف پی) نئی دہلی کا قلب تصور کئے جانے والے کناٹ پیلس علاقے میں ڈنمارک کی ایک 51 سالہ خاتون سیاح کے ساتھ مبینہ ریپ کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ سیاح راستہ بھٹک گئی تھی اور انہوں نے بعض افراد سے مدد مانگی تھی جنہوں نے ان کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی۔دہلی پولیس کے ترجمان راجن بھگت نے بی بی سی کو بتایا: ’وہ پہاڑ گنج میں ایک ہوٹل میں ٹھہری ہوئی تھیں۔ رات دیر گئے وہ ہوٹل لوٹ رہی تھیں کہ راستہ بھٹک گئیں۔ پہلے تو کچھ لوگوں نے انہیں لوٹا اور پھر ان کا ریپ ہوا۔ جب وہ ہوٹل پہنچیں تو انھوں نے منیجر کو بتایا اور پھر پولیس نے ایف آئی آر درج کرنے کے بعد کارروائی شروع کر دی۔‘ بی بی سی کے نامہ نگار دلنواز پاشا کے مطابق اس معاملے میں متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے اور ان سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ اگرچہ دہلی میں موجود ڈنمارک کے سفارت خانے نے اس معاملے میں ابھی تک کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا ہے تاہم پولیس کے ترجمان راجن بھگت نے بتایا کہ متاثرہ خاتون اب ملک میں نہیں ہیں۔ انھوں نے بی بی سی کو بتایا: ’وہ اب بھارت میں نہیں ہیں۔ ان کی فلائٹ پہلے سے ہی طے تھی اور مقررہ وقت پر بدھ کو وہ ملک سے باہر چلی گئی ہیں۔