گوجرانوالہ: سابق ویٹ لفٹنگ چیمپئن نے موبائل فون کے تنازعہ پر طالبعلم کو قتل کر دیا
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) موبائل فون کے تنازعہ پر سابق ویٹ لفٹنگ چیمپئن نے طالبعلم کو قتل کر دیا‘ فائرنگ سے مقتول کا باپ بھی زخمی ہو گیا۔ بتایاگیا ہے کہ ڈسپوزل روڈ وحدت کالونی کے پچیس سالہ علی اکبر کا تین روز قبل عثمان نامی نوجوان سے موبائل فون کے لین دین پر جھگڑا ہوا تاہم موقع پر موجود افراد نے ان کے درمیان بیچ بچائوکرا دیا تاہم عثمان نے واقعہ کی رنجش دل میں رکھی اور گزشتہ روز علاقہ ہی میں واقع علی اکبر کی ٹینٹ سروس شاپ پر آیا اور آتے ہی فائرنگ کر دی جس کی زد میں آکر علی اکبر اور اس کا والد محمد امین شدید زخمی ہوگئے جبکہ عثمان موقع سے فرار ہو گیا۔ دونوں باپ بیٹے کو طبی امداد کیلئے ہسپتال لے جایا گیا جہاں پر علی اکبر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ بتایاگیا ہے کہ مقتول سی ایس ایس کا طالب علم تھا۔ علاقائی پولیس مصروف تفتیش ہے۔