• news

فیصل آباد: ارفع کریم کی دوسری برسی پر آبائی گائوں میں تعزیتی تقریب

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) دنیا کی کم عمر ترین مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل ارفع کریم کی دوسری برسی کے موقع پر ان کے آبائی گائوں چک نمبر2 رام دیوالی (ارفع کریم نگر) میں تعزیتی تقریب منعقد ہوئی جس میں ارفع کریم کے والد کرنل (ر) امجد کریم رندھاوا، مسز امجد کریم، صوبائی کوارڈینیٹر مسلم لیگ (ن)  یاسین کسانہ، ای ڈی او ایجوکیشن شاہدہ سہیل کے علاوہ علاقہ معززین اور سماجی رہنمائوں نے بھی خطاب کیا جبکہ سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے مختلف محکموں کے افسران، انفارمیشن ٹیکنالوجی سے تعلق رکھنے والے اساتذہ اور سکولوں کے طلباء و طالبات کی کثیر تعداد تعزیتی تقریب میں شریک تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امجد کریم رندھاوا نے کہا کہ خادم پنجاب شہباز شریف نے صوبہ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں متعدد منصوبوں کو ارفع کریم کے نام سے منسوب کر کے اس ننھی بچی کو ہمیشہ کے لئے یادگار بنا دیا ہے جس سے نہ صرف ارفع کریم کے خاندان کی دلجوئی ہوئی ہے بلکہ پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہوا ہے جو قابل تحسین اقدام ہے۔ انہوں نے طلباو طالبات سے کہا کہ وہ اپنی تمام تر توجہ علم کے حصول پر مرکوز رکھیں تاکہ ارفع کریم کے مشن کو جاری رکھا جا سکے۔ مسز امجد کریم رندھاوا نے ارفع کریم کی حالات زندگی سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ارفع آئی ٹی کے شعبہ میں مہارت رکھنے کے ساتھ ساتھ اچھی نعت خواں، شاعرہ اور اساتذہ کی عزت کرنے والی ہونہار بچی تھی جس کے کارنامے کو دنیا مدتوں یاد رکھے گی۔ یاسین کسانہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت مرحومہ ارفع کریم کے مشن کو آگے بڑھانے کے لئے متعدد منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے تعلیمی اداروں میں ارفع کریم کے پوٹریٹ اور ان کی آئی ٹی کے شعبہ  میں خدمات پر مبنی تحریروں کو نمایاں جگہوں پر آویزاں کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ای ڈی او ایجوکیشن نے کہا کہ نوجوان نسل کو جدید بنیادوں پر تعلیم و پرورش کے مواقع فراہم کئے جائیں تو اس ملک کی ہر لڑکی ارفع کریم بن سکتی ہے۔ تقریب سے مختلف سکولوں کے اساتذہ اور بچوں نے ارفع کریم کی خدمات پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر ارفع کریم کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھاکر دعائے مغفرت بھی کی گئی اور سکولوں کے بچوں نے شمعیں روشن کیں جبکہ صوبائی کوارڈینیٹر چوہدری یاسین کسانہ نے مرحومہ کی قبر پر رہنما مسلم لیگ (ن ) مریم نواز کی طرف سے پھولوں کی چادر چڑھائی ۔

ای پیپر-دی نیشن