• news

حکومت اور فوج ایک ہفتے میں دہشتگردوں سے نمٹنے کا فیصلہ کریں: الطاف حسین

حکومت اور فوج ایک ہفتے میں دہشتگردوں سے نمٹنے کا فیصلہ کریں: الطاف حسین

لندن (آئی این پی) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے دہشتگردوں سے نمٹنے کےلئے حکومت کو ایک ہفتے کا وقت دیدیا۔اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے وزیراعظم نواز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ طالبان دہشت گردوں کے ہاتھوں پاکستان کے معصوم شہریوں کی ہلاکتوں کے روزمرہ واقعات پر حکومت اور مسلح افواج کب تک خاموش تماشائی بنی رہیں گی؟ اب وقت آگیا ہے کہ اگر حکومت اور مسلح افواج ایک ہفتہ کے اندر اندر معصوم شہریوں کو خاک وخون میں نہلانے والے ان دہشت گردوں سے نمٹنے کاکوئی حتمی فیصلہ کرلیں کیونکہ اگر وہ اب بھی کوئی فیصلہ نہیں کرسکیں تو شاید پھر وہ کبھی بھی نہیں کرسکیں گی۔ الطاف حسین نے کہاکہ جو سیاسی رہنما اور جماعتیں سفاک طالبان دہشت گردوں کی جانب سے مساجد میں نماز پڑھتے ہوئے نمازیوں، امام بارگاہوں، بزرگان دین کے مزارات، غیر مسلموں کی عبادت گاہوں، بچیوں کے سکولوں یا مخصوص سیاسی ومذہبی جماعتوں کے جلسوں میں بم دھماکوں کے عمل پر طالبان کی حمایت کرتی ہیں ، انہیں مسلمان اور پاکستانی بھائی قراردیتی ہیں ایسے سیاسی ومذہبی رہنما اور جماعتیں بھی طالبان دہشت گردوں کے ہاتھوں معصوم شہریوں کی ہلاکتوں میں برابر کی شریک ہیں، قوم کو اب جاگنا ہوگا اور طالبان کے حمایتی لیڈروں اور سیاسی جماعتوں کا سوشل بائیکاٹ کرنا ہوگا ورنہ کل دہشت گردی کی یہ آگ کسی کے گھر میں بھی لگ سکتی ہے اور اس کا شکارکسی کے بھی والدین، بہن بھائی یا دیگر اہل خانہ بن سکتے ہیں۔
الطاف حسین

ای پیپر-دی نیشن