فیول ایڈجسٹمنٹ : نیپرا نے بجلی ایک روپیہ یونٹ مہنگی کرنیکی منظوری دیدی‘ اضافہ ظالمانہ اقدام‘ فوری واپس لیا جائے : سیاسی و مذہبی رہنما
فیول ایڈجسٹمنٹ : نیپرا نے بجلی ایک روپیہ یونٹ مہنگی کرنیکی منظوری دیدی‘ اضافہ ظالمانہ اقدام‘ فوری واپس لیا جائے : سیاسی و مذہبی رہنما
اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے تقسیم کار کمپنیوں کی درخواست پر دسمبر 2013 کے لئے بجلی کی قیمت میں ایک روپے فی یونٹ اضافہ کی منظوری دیدی۔ نیپرا کے مطابق کے ای ایس سی کے علاوہ ملک کی تمام بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے نیپرا سے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں ایک روپے اضافے کی درخواست کی تھی۔ نیپرا نے درخواست کی سماعت کے بعد دسمبر2013ءکے لئے بجلی کی قیمت میں ایک روپے فی یونٹ اضافے کی منظوری دیدی۔ قیمتوں میں اضافہ صارفین سے فروری کے واجبات کے ساتھ وصول کیا جائے گا تاہم اس کا اطلاع لائف لائن صارفین اور کے ای ایس سی کے صارفین پر نہیں ہو گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی نیپرا نے فیول ایڈجسٹمنٹ ہی کی مد میں 27پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی تھی۔ فیصلہ میں نیپرا نے بجلی کی ٹرانسمیشن لائنز کی وجہ سے لاسز پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تقسیم کار کمپنیوں کو صورتحال کی بہتری کی ہدایت کی۔ نیپرا کے مطابق ماہانہ کروڑوں روپے کے لائن لاسز ہو رہے ہیں۔سیاسی و مذہبی جماعتوں نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو حکومت کا ظالمانہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھوکا شیر غریب کی رگوں سے خون کا آخری قطرہ نچوڑنے کے راستے پر گامزن ہے اور حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، حالات یہی رہے تو بہت جلد عوام کے ہاتھ حکمرانوں کے گریبانوں پر ہوںگے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن ، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد، پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل سردار لطیف خان کھوسہ، (ق) لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین ، جمعیت علماء(س)کے سربراہ مولانا سمیع الحق، سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری سمیت دیگر نے اپنے ردعمل میں کہاکہ ایک طرف صارفین کو بجلی میسرنہیں تو دوسری طرف بجلی کی قیمتوں میں اضافہ حکمرانوں کا انتہائی ظالمانہ اقدام ہے جس سے غریب آدمی کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گا۔ انہوںنے کہاکہ (ن) لیگ انتخابا ت میں قوم سے کئے جانے والے تمام وعدوں کو بھو ل چکی ہے اور آج حکمرانوں کی پالیسیاں غریب عوام پر کسی عذاب سے کم نہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہیں اور قوم سے کئے جانے والے وعدے پورے اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے بجائے کمی کی جائے کیونکہ اگر حالات یہی رہے تو بہت جلد عوام کے ہاتھ حکمرانوں کے گریبانوں پر ہوںگے۔
بجلی مہنگی