• news

مشرف کو غدار کہنے سے فوج کا مورال ڈائون ہوگا: پرویز الٰہی

لاہور (خصوصی رپورٹر)  سابق  نائب وزیراعظم  چوہدری پر ویز الٰہی نے کہا ہے کہ پر ویز مشرف کو غدار کہنے سے فوج کا مورال ڈائون ہوگا ‘مولانا فضل الر حمن 6 ماہ تاخیرسے حکو مت میں آئے ہیں‘ پنجاب  حکومت قومی  اثاثے  فروخت نہ کرے ان کو اس کا حساب  دینا پڑیگا۔ شہباز شریف خود کو ’’لاہور کا وزیر اعلی‘‘ سمجھتے ہیں انکو معلوم ہونا چاہیے لاہور سے باہر بھی پنجاب کے عوام رہتے ہیں ‘پنجاب حکومت نے 6برسوں میں معاہدوں پر دستخط کے سواکچھ نہیں کیا ‘ایوان وزیراعلی کی الماریاں ایم او یو کی فائلوں سے بھری پڑی ہے‘ سب سے زیادہ ایم او یوز سائن کر نے پر پنجاب کے حکمرانوں کا نام گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل ہو نا چاہیے‘ پنجاب حکومت کے گارمنٹس سٹی کے منصوبے سے کسان بھوکا مر جائیگا ‘شہبا زشریف کو تعصب کی عینک اتار کر کسانوں کے بارے میں سوچنا چاہیے ‘ اے پی سی نے حکومت کو اختیار دیدیا اب طالبان سے مذاکرات حکومت کی ذمہ داری ہے‘جب ہم نے پنجاب حکو مت چھوڑی تو صوبہ کے خزانہ میں100ارب تھے جبکہ آج پنجاب600ارب کا مقروض ہو چکا ہے ‘حکمرانوں کو میرے نام کی تختی سے بہت تکلیف ہو تی ہے ‘شہبا زشر یف ہمارے منصوبوں پر اپنے نام کی تختیاں لگا رہے ہیں ‘پنجاب میں ہمارے دور میں 3 ارب کے35کالجزتعمیر ہوئے ۔مسلم  لیگ ن  کی حکومت وہاں کلاسز شروع نہیں کر رہی ‘پنجاب میں 1122کو بند کرنے کا سلسلہ دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔ جمعرات  کو یہاں  اپنی رہا ئش گاہ پر راجہ بشارت اور چوہدری ظہیر الدین کے ہمراہ پر یس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے   کہا کہ  حکمرانوںنے اپنے لوگوں کو نوازنے کیلئے قومی اداروں کی نجکاری کا فیصلہ کر لیا ہے مگر ہم اسکی سخت مخالفت کر ینگے کیونکہ قومی اداروں کی نجکاری سے ملک میں بے روز گاری میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف 6 ماہ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا اعلان کرتے اور تاجروں کو یقین دہانیاں کرواتے رہے ہیں مگر آج تک لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل نہیں کر سکے اور جن سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا وعدہ کرتے رہے آج  وہ ان سے ملنا چاہتے ہیں مگر یہ کسی کو ملنے کیلئے تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں شہبازشر یف اور انکی حکومت کے پاس مسائل کے حل کیلئے کوئی سوچ ہے اور نہ ہی انکے پاس کوئی اہل ٹیم ہے۔  انہوں نے کہا کہ چیلنج  کرتاہوں   میٹرو بس  کو چلانے کیلئے ماہانہ  ایک ارب روپے  کی سبسڈی  دی جا رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن