شیخوپورہ:4 سالہ بچی سے زیادتی کی تصدیق، شہباز شریف نے نوٹس لے لیا، رپورٹ طلب
شیخوپورہ:4 سالہ بچی سے زیادتی کی تصدیق، شہباز شریف نے نوٹس لے لیا، رپورٹ طلب
شیخوپورہ (نامہ نگار خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے شیخوپورہ کے محلہ رحمانپورہ میں چار سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔ دوسری طرف پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم مقصود کو گرفتار کر لیا ہے اور ملزم کا طبی معائنہ بھی کروایا، اس میں ملزم کے شراب پینے کی تصدیق بھی ہوئی تھی۔ پولیس نے مذکورہ بچی کا طبی معائنہ بھی کروایا جس میں ڈاکٹر نے بچی کے ساتھ زیادتی کی تصدیق کر دی ہے۔ ڈاکٹر کے مطابق بچی کی حالت تشویشناک ہے جس کا ایک آپریشن کیا گیا ہے۔ دوسری طرف پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرکے مزید تفتیش کریں گے۔علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر عارف خان سندھیلہ ایم پی اے نے کہا ہے کہ شیخوپورہ کے محلہ رحمانپورہ میں معصوم چار سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کا واقعہ کے ملزم کو عبرت کا نشان بنادیا جائے گا۔ ایسے درندہ صفت شخص انسانیت کے ماتھے پر کلنک کا نشان ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی پی او شیخوپورہ سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ شیخوپورہ سٹی میں منشیات فروشی اور قمار بازی کے اڈوں کے خاتمہ کیلئے پولیس فورس کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائےگا۔ برائی کے خلاف عوام کا بھی کام ہے وہ اٹھ کھڑے ہوں اور اس سلسلہ میں پولیس کی طرف سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائےگی۔ انہوں نے کہا محلہ رحمانپورہ میں ہونے والا واقعہ انتہائی دردناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے ملاقات کرکے شیخوپورہ میں خواتین کے ساتھ زیادتی کے واقعات پر رپورٹ پیش کرینگے۔
زیادتی کی تصدیق