• news

رینٹل پاور کیس: پرویز اشرف سمیت 8 ملزموں پر فرد جرم عائد‘ میرا دامن صاف ہے: سابق وزیراعظم

اسلام آباد ( نامہ نگار) احتساب عدالت نے رینٹل پاور کیس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف‘ سابق سیکرٹری پانی و بجلی شاہد رفیع سمیت 8 ملزموں پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے سماعت چار فروری تک ملتوی کر دی۔ سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے صحت جرم سے انکار کر دیا، دو ملزمان اقبال زیڈ احمد اور ایم ایم بیگ  کے نام رینٹل پاور کیس سے نکال دئے گئے۔ سابق وزیراعظم پر الزام ہے کہ انہوں نے  وفاقی وزیر پانی و بجلی کی حیثیت سے رینٹل پاور پراجیکٹس کے کنٹریکٹس کی منظوری میں پیپرا رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے  پروجیکٹس نجی کمپنیوں کے حوالے کئے جبکہ نوڈیرو ٹو  رینٹل پاور پراجیکٹ میں نجی کمپنیوں کی مشینری خلاف ضابطہ منتقل کی گئی جس سے قومی خزانے کو  بھاری نقصان ہوا۔ ای سی سی سے جب منصوبے کی منظوری لی گئی تو اس کو حقائق فراہم نہیں کئے گئے۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو میں راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ رینٹل پاور کیس میں میرا دامن صاف ہے آج دنیا کو حقائق کا پتہ چل گیا ہے‘ بغیر تحقیق اور ثبوت کے میڈیا میں میری کردار کشی کی گئی۔ یہ افسوسناک عمل ہے۔ راجہ پرویز اشرف کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ انکے موکل پر عائد کردہ فرد جرم سے ثابت ہوگیا  ہے کہ انہوں نے قومی خزانے کو مالی نقصان پہنچایا ہے اور نہ ہی کسی قسم کا مالی فائدہ اٹھایا، عدالت نے فرد جرم عائد کرتے ہوئے جن 75لاکھ روپے کے نقصان کی بات کی ہے وہ نیپرا کی فیس‘ کسٹم چارجز‘ وکلاء کی فیس کی مد میں ہیں۔ بی بی سی اردو کے مطابق تمام ملزموں نے صحت جرم سے انکار کر دیا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن