چین، روس اوربھارت کا افغانستان کی تعمیرنو کے منصوبوں میں تعاون پر اتفاق
بیجنگ (اے پی پی) چینی دارالحکومت بیجنگ میں چین ‘ روس اور بھارت کے درمیان مسئلہ افغانستان پر تبادلہ خیال ہوا۔چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق بیجنگ میں چین روس اور بھارت کے درمیان افغانستان کے بارے باضابطہ اجلاس منعقد ہوا جس کی میزبانی چین کے نائب وزیر خارجہ لیو زینین نے اپنے وفد کے ہمراہ کی جبکہ روس کی طرف سے ڈپٹی سیکرٹری آف دی سکیورٹی کونسل آف رشیا اور بھارت کی طرف سے نائب مشیر برائے قومی سلامتی سندھو اپنے وفود کے ہمراہ شریک تھے۔ تینوں فریقوں نے مستقبل میں افغانستان میں امن و سلامتی کے حوالے سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے اتفاق کیا کہ افغانستان کو ہر ممکن تعاون بالخصوص تعمیر نو اور بحالی کے منصوبوں میں حمایت و مدد دی جائے گی۔ افغانستان کے بارے آپس میں تبادلہ معلومات کو بھی بہتر بنانے کے لئے اتفاق کیا گیا۔