عمران اپنے گریبان میں جھانکیں، کیا ہری پور میں انکے امیدوار نے دھاندلی نہیں کی: رانا ثناء
لاہور (خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ دوسروں کو دھمکیاں دینا عمران خان کے چیلوں کا وطیرہ بن چکا ہے۔ عمران خان کو خیبر پی کے میں امن و امان کے حوالے سے کوئی پروا نہیں بلکہ عمران خان کو دھاندلی کا بخار چڑھا ہوا ہے۔ عمران اپنے گریبان میں جھانکیں‘ کیا ان کا اپنا امیدوار ہری پور میں دھاندلی کا مرتکب نہیں پایا گیا؟ عام انتخابات میں شکست کے بعد وہ حواس باختہ ہو چکے ہیں۔ عمران خان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان صرف سیاست میں زندہ رہنے کے لئے ایسی بیان بازی کا سہارا لیتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان قوم کو بتائیں کہ انہوں نے خیبر پی کے میں وہاں کے لوگوں کے لئے کیا کچھ کیا ہے؟ انہوں نے کہا کہ عمران خان لاہور اور اسلام آباد میں بیٹھ کر باتیں کرنے کی بجائے خیبر پی کے میں عوام کی خدمت کریں۔ انہوں نے کہا کہ کیا عمران خان یہ بتانا پسند کریں گے کہ وہ طارق ملک کی طرح لوگوں کو ایک سال میں ترقی دے دیا کریں گے؟