ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت، لاہور، گوجرانوالہ اور وزیر آباد میں بچے، خاتون سمیت 3 جاں بحق
لاہور+ گوجرانوالہ+ وزیر آباد (نیوز رپورٹر+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) شیخ زاید ہسپتال میں ڈاکٹروںکی مبینہ طور پر غلط تشخیص کے باعث زیر علاج مریض 66 نظام صابر انتقال کر گیا جس پر لواحقین نے شدید احتجاج کیا جبکہ ڈاکٹروں کا کہنا ہے علاج میں کوئی کوتاہی نہیں برتی گئی۔ مرنے والے نظام صابر کے بیٹے فراز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا جب میرے والد کو ایمرجنسی لایا گیا تو وہ بہتر اور خوشگوار انداز میں ہم سے باتیں کرتے رہے تھے۔ ڈاکٹروں نے معمولی کہہ کر وارڈ میں شفٹ کیا گیا، انکی حالت بگڑتی گئی جس سے انکی موت واقع ہوگئی۔ جب میں نے ڈاکٹر سے بیماری کی تفصیلات پوچھیں تو مجھے ڈانٹ دیا گیا۔ میں اپنے والد کے ساتھ ہونے والی زیادتی پر خادم اعلیٰ پنجاب اور ہیلتھ کیئر کمشن سے اپیل کرتا ہوں وہ مجھے انصاف دلائیں۔ گوجرانوالہ میں ڈی ایچ کیو ہسپتال میں محنت کش کا بچہ ڈیلیوری سے قبل ہی دم توڑگیا جبکہ آپریشن کیلئے ہسپتال میں موجود ہونے کے باوجود ہزاروں روپے کی دوائیاں بھی منگوا لیں۔ صدیق کالونی کے محنت کش شہزاد کے مطابق وہ گزشتہ روز اپنی بیوی ناصرہ کو ڈیلیوری کیلئے سول ہسپتال لے کرآیا جہاں ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت کی وجہ سے اسکا بچہ ڈیلیوری سے قبل ہی فوت ہوگیا جبکہ عملہ نے مردہ بچے نکالنے کیلئے 26 سوروپے کی ادویات منگوا لیں۔ بعدازاں بلڈ بنک کے عملہ نے اس سے او نیگٹو خون کے عوض 25 سوروپے کا مطالبہ کیا۔ وہ تین بار اپنی بیوی کو چیک اپ کیلئے لیکر آیا، آخری بار ڈیوٹی ڈاکٹر نے 18جنوری کا ٹائم دیا گزشتہ روز اچانک طبیعت خراب ہونے پرسول ہسپتال لایاگیا جہاں اس کا بچہ ڈیلیوری سے قبل ہی فوت ہوگیا۔ وزیر آباد میں پرائیویٹ ہسپتال کے ڈاکٹر کی غفلت، نااہلی اور غلط انجکشن کے باعث خاتون مسلم لیگی رہنما سابق کونسلر بلدیہ جاں بحق ہوگئی۔ مرحومہ وزیر آباد کے معروف پہلوان محمد انور بٹ مرحوم کی بیوہ تھیں اور پچاس سال سے سماجی خدمات کے علاوہ بلدیہ وزیر آباد کی تین بار لیڈی کونسلر بھی منتخب ہوئیں۔ عید میلادالنبی ؐ پر مٹھائی تقسیم کے دوران 65 سالہ خاتون سابق کونسلر بیگم بلقیس انور کی اچانک طبیعت خراب ہو گئی جسے ڈاکٹر ناصر جمال کے پرائیویٹ ہسپتال ماڈل کالونی لے جایا گیا جہاں پر معالج نے انجکشن لگایا جس کے بعد وہ بیہوش ہوگئیں اور جسم پر سوجن آ گئی انجکشن کے ری ایکشن کی وجہ سے خاتون کو حالت مزید خراب ہونے پر گجرات ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ انتقال کر گئیں۔ لواحقین نے خدشہ ظاہر کیا ہے ڈاکٹر ناصر جمال نے غلط انجکشن لگایا ہے جس سے بیگم بلقیس انور کا انتقال ہوگیا۔ گوجرانوالہ میں ڈسٹرکٹ ہسپتال کے ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت، جواں سالہ بیہوش لڑکی کو مردہ قرار دیکر گھر بھجوا دیا۔ لواحقین نے نجی ہسپتال میںاحتیاطاً چیک کروایا تو لڑکی زندہ تھی۔ ٹھکرکے کی رہائشی 22 سالہ ثناء کو تشویشناک حالت کے پیش نظر طبی امداد کی فراہمی کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر ہسپتال لایا گیا لواحقین کے مطابق وہاں پر موجود ڈاکٹروں نے روایتی غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے تو توجہ نہ دی اور بعدازاں سرسری چیک اپ کے بعد لڑکی کو مردہ قرار دیکر گھر بھجوا دیا۔ ثناء کے ورثاء کا کہنا ہے وہ اپنی بچی کو مردہ حالت میں گھر لے کر جا رہے تھے کی اپنی تسلی کیلئے نجی کلینک میں لے گئے جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد ثناء کی نہ صرف سانس بحال ہو گئی بلکہ اس کی طبیعت بھی سنبھل گئی جس پر ثناء کے ورثاء ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال آئے تو وہاں پر موجود ڈاکٹرنے نہ صرف اپنی غلطی تسلیم کرنے سے انکار کردیا بلکہ الٹا لواحقین کو دھکے دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ تم لوگ لڑکی کو سول ہسپتال میں لائے ہی نہیں۔