جنرل راحیل کا زرداری کو خط، آرمی چیف بننے پر دی گئی مبارکباد کا شکریہ ادا کیا
لاہور (معین اظہر سے) سابق صدر آصف زرداری کو آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی جانب سے خط تحریر کیا گیا ہے جس میں آصف علی زرداری کی طرف سے انکے آرمی چیف مقرر کئے جانے پر دی جانیوالی مبارکباد پر شکریہ ادا کیا گیا ہے جبکہ اس امر کا اظہار بھی کیا ہے کہ وہ اور پاک فوج ملک و عوام کے تحفظ کے لئے کسی قسم کی قربانی دینے کیلئے ہر وقت اپنا کردار ادا کر تی رہے گی تاہم سابق صدر کے قریبی ساتھیوں نے خط کی تفصیلات کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بلاول ہاوس کے ذرائع نے بتایا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے پارٹی کے اعلی سطحی اجلاس میں اپنے قریبی رفقاء کو بتایا کہ آرمی چیف کی طرف سے ان کو خط موصول ہوا، خط کے بارے میں مزید کوئی تفصیل سے آگاہ نہیں کیا۔ تاہم ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری کے گزشتہ ہفتہ کے دوران اسلام آبادنیب عدالت میں پیشی کے بعد جی ایچ کیو سے لکھا گیا آرمی چیف کا خط ان کو بلاول ہاوس ٹو اسلام آبادمیں پہنچایا گیا تھا۔ بلاول ہاؤس کے ذرائع نے کہا ہے کہ سابق صدر نے جنرل راحیل شریف کو آرمی چیف بننے کے بعد مبارک باد بھیجی تھی جس کا جواب آیا ہے تاہم ایسے وقت میں جب سابق آرمی چیف جنرل (ر) پرویز مشرف کا کیس عدالت میں ہے اور آصف زرادی کی طرف اسی دوران میں احتساب عدالت میں پیش ہونے پر بعض سیاسی رہنماؤں کی طرف سے ان کے اس اقدام پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ کر کے سابق صدر کی بجائے سابق آرمی چیف جنرل (ر) پرویز مشرف کا ایشو بنانے کی کوشش کی جارہی تھی جس سے تاثر یہ دیا جارہا تھا کہ فوج کے سابق سربراہ کا یہ رویہ ہے جس پر لاہور میں ہونے والے سابق فوجی جرنیلوں کے اجلاس میں بھی اس پوائنٹ پر کافی تشویش کا اظہار کیا گیا کہ بعض لوگ شرارت کرکے فوج اور سیاست دانوں کو آمنے سامنے لانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ ملک کے حالات کو خراب کیا جاسکے۔ تاہم اس بارے میں سابق صدر آصف زرادی کی جانب سے کوئی رائے نہیں دی گئی۔