اوباما اور مشعل کے درمیان شادی کا بندھن ٹوٹ چکا ہے: امریکی اخبار کا دعویٰ
واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکی صدر بارک اوباما اور ان کی اہلیہ مشعل کے درمیان تعلقات انتہائی کشیدہ ہوچکے ہیں جس کے بعد دونوں میں علیحدگی ہوچکی ہے۔ امریکہ کے ایک اخبار ’’نیشنل انکوائرر‘‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں میں 21 سالہ شادی کا بندھن ٹوٹ چکا ہے۔ دونوں کے درمیان تعلقات میں کشیدگی جنوبی افریقہ میں آنجہانی نیلسن منڈیلا کی میموریل سروس کے موقع پر صدر اوباما کی ڈنمارک کی وزیراعظم ہیلی تھارمنگ شمٹ کے ساتھ ایک تصویر پر پیدا ہوئی جبکہ مشعل کو اس بات نے مزید برہم کردیا کہ سیکرٹ سروس کے باڈی گارڈز اسکے خاوند کے سکینڈل کی پردہ پوشی کر رہے ہیں۔ نیشنل انکوائرر نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ مسز اوباما نے اپنے خاوند کی مدت صدارت مکمل ہونے تک وائٹ ہاؤس میں رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ اس وقت وائٹ ہاؤس میں الگ الگ بیڈ رومز میں سو رہے ہیں۔ ادھر صدر اوباما اپنی اہلیہ کو منانے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ گذشتہ روز مشعل کی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر انہوں نے ایک پارٹی کا اہتمام بھی کیا۔