• news
  • image

ممبئی : بوہری جماعت کے سربراہ برہا نالدین کی تدفین ‘ بھگدڑ مچنے سے 18 افراد ہلاک‘60 زخمی

ممبئی (ایجنسیاں) بھارتی شہر ممبئی میں بوہری جماعت کے روحانی پیشوا سیدنا محمد برہان الدین کو سپردخاک کر دیا گیا۔ تدفین کے موقع پر بھگدڑ مچ گئی جس سے 18 افراد ہلاک ہو گئے۔ واقعہ جنوبی ممبئی کے علاقے گڑگوم میں اس وقت پیش آیا جب بوہری جماعت کے روحانی پیشوا کی تدفین کا عمل جاری تھا۔ بھگدڑ کے نتیجے میں 60 افراد زخمی بھی ہوئے، 3افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ سیدنا برہان الدین کو تین گھنٹے تک جاری رہنے والی آخری رسومات کے بعد بھنڈی بازار میں بوہری برادری کی درگاہ میں دفن کیا گیا۔ ممبئی کے پولیس کمشنر ستیہ پال سنگھ نے بھگدڑ کے نتیجے میں 18افراد کی موت کی تصدیق کی ہے۔ بھگدڑ میں زخمی ہونیوالوں کو بوہرا برادری کے سیفی ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ بھارتی خبررساں ادارے کے مطابق وزیراعظم منموہن سنگھ اور کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے انکی موت پر اظہار تعزیت کیا ہے اور اس برادری کے لوگوں سے صبر کی تلقین کی ہے۔ منموہن سنگھ نے کہا کہ انسان دوستی کا انکا پیغام تمام مذاہب کے لوگوں کیلئے اہمیت رکھتا تھا۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ وہ کسی مخصوص مسلک کے رہنما نہیں تھے بلکہ تمام مسالک کے لوگ ان سے محبت کرتے تھے۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن