• news

وزیراعظم نے میڈیا ہاﺅسز کو درپیش سکیورٹی خطرات سے متعلق کمیٹی قائم کردی

وزیراعظم نے میڈیا ہاﺅسز کو درپیش سکیورٹی خطرات سے متعلق کمیٹی قائم کردی

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم ڈاکٹر محمد نوازشریف نے میڈیا ہاﺅسز کو درپیش سکیورٹی خطرات سے متعلق دو رکنی کمیٹی قائم کردی ہے۔ ترجمان وزیراعظم ہاﺅس کے مطابق کمیٹی وزیر داخلہ چودھری نثار اور وزیر اطلاعات پرویز رشید پر مشتمل ہو گی وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ میڈیا ہاﺅسز کو درپیش سکیورٹی خطرات سے نمٹنے کا حل تلاش کیا جائے۔ کمیٹی میڈیا ہاﺅسز سے رابطہ کر کے سکیورٹی کے لئے قابل عمل تجاویز پیش کرے۔ کمیٹی کو میڈیا ہاﺅسز کو درپیش خطرات کی نشاندہی اور نمٹنے کی حکمت عملی کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے میڈیا ہاﺅس کی سکیورٹی پر جلد رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم ڈاکٹر محمد نوازشریف نے سرکاری محکموں پرزوردیاہے کہ وہ بہبود اور ترقی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کریں۔ یہ بات انہوں نے لاہور میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے ہونیوالے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے بڑے ترقیاتی منصوبوں کا انتظام نجی شعبے کو دیا جائے جس سے نہ صرف سرمایہ کاری بڑھے گی اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا بلکہ لوگوں کو خدمات کی فراہمی میں اضافہ ہوگا اور حکومت کو صرف سہولت کار کا کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کا تجربہ رکھنے والے ملکی اور کثیر ملکی کنسورشیمز کو بڑے ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی جائے۔
وزیراعظم / کمیٹی

ای پیپر-دی نیشن