رواں سال کے آخر تک قومی حکومت دیکھ رہا ہوں: شیخ رشید
رواں سال کے آخر تک قومی حکومت دیکھ رہا ہوں: شیخ رشید
لاہور (آئی این پی+ آن لائن) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے مسلم لیگ (ن) کی حکومت ناکام ترین حکومت بن چکی ہے۔ رواں سال کے آخر تک ملک میں قومی حکومت دیکھ رہا ہوں۔ حکومت کہے تو حکومت میں شمولیت کے بغیر بھی انکو مسائل کے حل کیلئے تجویز دے سکتا ہوں۔ نواز شریف نے جان بوجھ کر عوام کو پرویز مشرف کے معاملے میں الجھا دیا ہے۔ مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی آپس میں ملے ہوئے ہیں۔ طالبان کسی بھی صورت مولانا فضل الرحمن سے بات نہیں کرینگے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار قوم سے مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں، انکا چارٹرڈ اکاﺅنٹنٹ ہونا بھی سوالیہ نشان ہے، انکی ڈگریاں چیک ہونیوالی ہیں۔ اگر آج اے ایف آئی سی میں ضیاءالحق زیرعلاج ہوتے تو حکمران ان کیلئے ”یاخدا میرے ابو سلامت رہیں“ کی دعائیں کررہے ہوتے، پرویز مشرف کو ضروری نہیں سزا ملے، وہ اسکے بغیر بھی ملک سے باہر جاسکتا ہے، اسلام اور دین کے نام پر سیاست کرنیوالے ملک میں 2 وزارتوں پر بک رہے ہیں، اسلام میں نجکاری حرام ہے، عوامی اداروں کی نجکاری ہوئی تو ملک میں خونریزی شروع ہوسکتی ہے مگر بدقسمتی سے نوازشریف سمیت کسی بھی حکومتی شخصیت کو عوام کی کوئی فکر نہیں۔ تحریک انصاف ہی ملک میں اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے، اب بھی اس بات پر قائم ہوں اگر اسحاق ڈار ڈالر 98 پر لے آئے تو سیاست چھوڑ دوں گا۔
شیخ رشید