9/11 کی آڑ میں برصغیر کا امن تباہ کرنے کی کوشش جاری‘ مقبوضہ کشمیر میں 94 ہزار شہادتیں‘ عالمی برادری خاموش
لاہور (تجزیہ ندیم بسرا) امریکہ میں ہونے والے 9/11 حملے کے بعد امریکیوں نے دہشت گردی کی آڑ میں نہتے مسلمانوں کو ٹارگٹ کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا۔ اسی آڑ میں برصغیر کا امن تباہ کرنے کی کوشش جاری ہے۔ چاہے وہ ڈرون حملے ہوں یا پاکستان کی سرحدوں کو پامال کر کے ایبٹ آباد میں آپریشن کرنا ہو۔ اسی تناظر میں امریکہ اور بھارت مل کر پاکستان میں داﺅد ابراہیم کو پکڑنے کے لئے ہماری سرحدوں کی طرف نگاہ دوڑا رہے ہیں۔ مگر برصغیر میں پائیدار امن کی طرف عالمی برادری کی کوششیں صرف معصوم شہریوں کو مارنے پر ہی جا رہی ہیں۔ خصوصاً امریکہ اور بھارت کی اس ساری صورت حال میں عالمی برادری بھارت کی طرف سے گذشتہ ساڑھے 6دہائیوں سے جاری مقبوضہ کشمیر میں ٹارگٹ کلنگ اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو پس پشت ڈال رہی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارت کے 7لاکھ کے قریب فوجی اور ایجنسیاں مقبوضہ کشمیر میں کشمیری خواتین کی عصمت دری میں مصروف ہیں۔ اس طرف عالمی برادری کے اقدامات نہ ہونے کے مترادف ہیں۔ اس حوالے سے کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنوری 1989ءسے لے کر 31دسمبر 2013ءکے 24 برسوں کے دوران بھارت 93ہزار 984معصوم لوگوں کو شہید، 7014افراد کو حراست کے دوران قتل کیا ہے۔ اس کے ساتھ جدوجہد آزادی کو دبانے کے لئے ایک لاکھ بائیس ہزار سات سو گیارہ (122711)شہریوں کو گرفتار کیا ہے۔ کشمیریوں کی مختلف قسم کی جائیدادیں (مکان، پلازے، مارکیٹیں) ایک لاکھ پانچ ہزار نو سو چھیانوے (105996) املاک کو تباہ کر چکا ہے۔ کشمیری آزادی کی جنگ لڑنے والے مجاہدین کو شہید کر رہا ہے اور اب تک بائیس ہزار سات سو چھہتر (22776) خواتین بیوہ ہو چکی ہیں اور ان کے ایک لاکھ سات ہزار چار سو چھیاسٹھ (107466) بچے یتیم ہو چکے ہیں۔ اور بھارتی فوجیوں کی درندگی کے باعث دس ہزار چھیاسی (10086) خواتین کی عصمت دری کی گئی ہے جبکہ دسمبر 2013ءکے ایک ماہ کے دوران 9 کشمیریوں کو شہید، 87 کشمیریوں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ کشمیری اپنی آزادی کی جنگ نہتے ہو کر لڑ رہے ہیں مگر بھارتی جارحیت اور کشمیریوں کو شہید کئے جانے کے باوجود کشمیریوں کے حوصلہ پست نہیں ہو رہے۔ کشمیریوں کی قیادت آل پارٹیز حریت کانفرنس موجودہ حکومت کی طرف نگاہیں لگائے بیٹھے ہیں کہ شاید حکومت پاکستان دلیری کے ساتھ فیصلہ کر کے کشمیریوں کا کیس عالمی سطح پر اس طریقے سے اجاگر کرے کہ دنیا بھر کی طاقتیں بھارت کو اتنا مجبور اور لاچار بنا دیں کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے علاوہ ان کو کوئی اور راستہ اختیار نہ کرنا پڑے۔
9/11/ آڑ