پاکستان کھجور برآمد کرنے والا دنیا کا تیسرا بڑا ملک بن گیا
اسلام آباد (اے پی پی)ہارویسٹ ٹریڈنگ کے چیف ایگزیکٹو افیسر احمد جواد نے کہا پاکستان کھجور برآمد کرنے والا دنیا کا تیسرا بڑا ملک ہے ، پراسیسنگ کی جدید سہولیات اور ویلیو ایڈیشن سے کھجور کی ملکی برآمدات کو 200ملین ڈالر تک بڑھایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں کھجور کی سالانہ پیداوار 5لاکھ 35ہزار ٹن تک متوقع ہے جبکہ صرف 86ہزار ٹن کھجوریں برآمد کی جاتی ہیں اور باقی کھجور ملک میں استعمال کی جاتی ہے۔ پراسیسنگ اور ویلیو ایڈیشن کی جدید سہولیات کی فراہمی سے ملکی برآمدات کو سالانہ 200ملین ڈالر تک بڑھایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 1999ء سے لیکر اب تک ملک میں کھجور کی پیداوار نہیں بڑھ سکی جبکہ اس دوران عالمی سطح پر کھجور کی پیداوار میں 166فیصد تک کا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کجھور کی ملکی پیداوار میں اضافہ کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ فی ایکڑ پیداوار کو بڑھا کر کھجور کے کاشتکاروں کے وسائل آمدنی کو بڑھایاجائے۔ انہوں نے کہا کہ کھجور کی ویلیو ایڈیشن سے اسکی قیمت میں کئی گنا تک اضافہ کیا جا سکتا ہے جس سے قیمتی زرمبادلہ حاصل ہوگا ۔