• news

5فیصد اضافی سیلز ٹیکس کی وصولی روکی جائے، کراچی چیمبر کا چیئرمین ایف بی آر کو خط

اسلام آباد (آن لائن) ملک کی یوٹیلٹی کمپنیوں کی طرف سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ہدایات پر سیلز ٹیکس رجسٹرڈ صنعتی وکاروباری یونٹس سے بھی بجلی و گیس کے بلوں پر پانچ فیصد اضافی سیلز ٹیکس وصول کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے، یہ انکشاف کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی)کی طرف سے چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو طارق باجوہ کو لکھے جانیوالے خط میں کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق  جن کاروباری و صنعتی یونٹس کو پانچ فیصد اضافی سیلز ٹیکس کے ساتھ بل بھجوائے گئے ہیں وہ سیلز ٹیکس میں رجسٹرڈ ہیں اور ایکٹو ٹیکس دہندگان ہیں۔ لیٹر میں مزید کہا گیا ہے کہ اس بارے میں جب کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران و حکام نے کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی لمیٹڈ  سے رابطہ کیا تو کے ای ایس سی ایل حکام نے بتایا کہ اس بارے میں انہیں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی طرف سے ہدایات موصول ہوئی ہیں اور ایف بی آر کی ہدایات پر یہ پانچ فیصد اضافی ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔  لیٹر میں چیئرمین ایف بی آر سے درخواست کی گئی ہے کہ تاجروں و صنعتکاروں کے مسئلہ کو فوری طور پر حل کیا جائے اور یوٹیلٹی کمپنیوں کو اپنا ڈیٹا درست کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں اور جن کو  پانچ فیصد اضافی سیلز ٹیکس کے ساتھ بل وصول کئے  ہو چکے ہیں انہیں اگلے بلوں میں ایڈجسٹ کیا جائے یا اضافی رقم ریفنڈ کی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن