نوازشریف ملک کو غلامی سے نہیں نکال سکتے‘ میں پاکستان کو امریکی جنگ سے نکالوں گا: عمران
جوہرآباد+ خوشاب + اسلام آباد (نامہ نگار+ نوائے وقت نیوز+ ایجنسیاں) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کو امریکہ کی جنگ سے نکالوں گا۔ نوازشریف ملک کو امریکہ کی غلامی سے نہیں نکال سکتے، بھیک مانگنے اور قرضہ لینے والوں کی کوئی عزت نہیں ہوتی۔ لگا تھا کہ نوازشریف نئی سوچ کے ساتھ آئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) نے پنجاب میں چھٹی مرتبہ حکومت بنائی مگر کیا فرق پڑا؟ 8 ماہ ہو گئے، وفاقی حکومت نے کیا کیا ہے؟ آصف زرداری نے جو کیا وہ سب کے سامنے ہے۔ سعودی عرب میں ہمارے پاکستانی جیلوں میں پڑے ہیں، کوئی پوچھنے والا نہیں۔ نادرا کے چیئرمین کو کس نے نکالا، چیئرمین نادرا کی بیٹی کو دھمکیاں دی گئیں۔ ہم نے کرپشن پر اتحادی جماعت کے وزراء کو نکالا۔ خیبر پی کے کی بجلی کا نظام ہمارے حوالے کیا جائے، بجلی کی قیمت 20 فیصد کم کر دیں گے۔ 11 مئی کو تاریخی دھاندلی ہوئی۔ کرپشن ہوتی ہے تو بیرونی سرمایہ کاری نہیں ہوتی۔ 11 مئی کے عام انتخابات میں تاریخی دھاندلی ہوئی ہے جس پر پاکستانی قوم کو دنیا بھر کے سامنے شرمندگی ہوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائدآباد میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ملک کو لوٹنے والے کیخلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت غداری کا مقدمہ درج کروایا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ پہلی دفعہ پاکستان تحریک انصاف نے کرپشن پر اپنی جماعت کے وزیروں کو کابینہ سے فارغ کیا ہے لیکن موجودہ حکومت نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے ہیں اور مہنگائی اور بیروز گاری بڑھنے سے سرمایہ کار ملک سے بھاگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ خیبر پی کے میں بجلی پیدا کرنے اور ترسیل کا نظام تحریک انصاف کے مکمل طور پر حوالے کیا جائے تو فوری طور پر 20فیصد بجلی کی قیمت اور چوری کو کم کردیا جائیگا، موجودہ حکومت نے بجلی کی قیمتیں بڑھا کر عوام کو بدحال کردیا ہے اور بجلی مہنگی ہونے سے پاکستان کے پسماندہ علاقوں میں ٹیوب ویل بند ہونے سے زراعت کی ترقی کا پہیہ جام ہوگیا ہے۔ تحریک انصاف برسراقتدار آکر پٹواریوں او ر سکول ٹیچروں کی مدد سے الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے کے کلچر کا مکمل خاتمہ کریگی۔ موجودہ حکمرانوں نے ملک کو امریکی کالونی بنا دیا ہے لیکن تحریک انصاف ملک کو امریکہ کی غلامی سے نکال کر دکھائیں گے۔ تحریک انصاف اﷲ اور رسولؐ کے قانون کو نافذ کرکے پاکستانی قوم کو پوری دنیا میں باعزت قوم بنائے گی اور بھیک مانگنے اور قرضے لینے کی بجائے وسائل کو استعمال کرکے ملک و قوم کو ترقی دی جائیگی، پاکستان میں ڈالر 60روپے سے 108روپے تک پہنچ گیا ہے جس سے قوم کو غریب کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل اسمبلی کے فیصلے کے مطابق ڈورن حملے ناجائز اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے لیکن مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی نااہلی ہے جو اس فیصلے پر عملدرآمد نہیں کروا سکی لیکن تحریک انصاف نے خیبر پی کے میں نیٹو سپلائی بند کر کے امریکہ کو اپنا پیغام پہنچا دیا ہے کہ پاکستانی ایک عظیم قوم ہیں اور وہ اپنی بات کو منوانے کیلئے کوئی بھی قدم اٹھا سکتے ہیں، دنیا بھر میں پاکستانی پاسپورٹ کی کوئی اہمیت نہیں ہے لیکن ہندوستان کے ایک سفارتکار سے زیادتی پر بھارت نے امریکہ کو چنے چبوا دئیے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 6مرتبہ پنجاب میں اور تین دفعہ وزارت عظمیٰ کے مزے لوٹے لیکن 8مہینہ میں مہنگائی، پٹرول ڈیزل کی قیمت کم کرنے کی بجائے بلکہ آٹے اور ٹماٹر بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور کردئیے گئے ہیں۔ اس موقع پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہاکہ ملک بھر میں تبدیلی کا نعرہ زور پکڑ رہا ہے اور عمران خان پوری قوم کی آخری امید ہیں۔ تحریک انصاف کے ضلعی سربراہ ملک مسعود انور کنڈان سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ علاوہ ازیں عمران خان نے راولپنڈی میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک دہشت گردی کا تدارک یقینی نہیں بنایا جاتا ملک آگے نہیں بڑھ سکتا ٗحکومت کی جانب سے دہشتگردی کے تدارک کی حکمت عملی سامنے نہ آنے کی صورت میں تحریک انصاف اہم فیصلہ کریگی۔ گذشتہ روز عمران خان نے آر اے بازار میں ہونے والے دھماکے کی جگہ کا دورہ کیا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عمران خا ن نے کہاکہ آٹھ ماہ سے زائد کا عرصہ بیت چکا ہے اور حکومت بالکل غیر فعال نظر آتی ہے 6ستمبر کو کل جماعتی کانفرنس میں قومی قیادت کی جانب سے مذاکرات کے ذریعے مسئلے کے حل کی ذمہ داری سونپے جانے کے بعد حکومت نے اس ضمن میں اب تک کوئی قابل ذکر اقدام نہیں اٹھایا جس کے نتیجے میں بے گناہ اور معصوم شہری آگ اور خون کی بھینٹ چڑھ رہے ہیں۔ بعد ازاں چیئرمین تحریک انصاف نے مرکزی اور مقامی قیادت کے ہمراہ بوہری برادری کے وفدسے ملاقات کی اور سیدنا برہان الدین کی رحلت پر تعزیت کا اظہار کیا۔