• news
  • image

بجلی اور گیس کے بحران میں کمی نہ آ سکی مظاہرے جاری‘ سڑکیں بلاک

بجلی اور گیس کے بحران میں کمی نہ آ سکی مظاہرے جاری‘ سڑکیں بلاک

لاہور ( نامہ نگاران + ایجنسیاں) صوبائی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں بجلی اور گیس کے بحران میں کمی نہ آسکی، کاروبار زندگی معطل ہوکر رہ گیا اور لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ گزشتہ روز بھی احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا اور احتجاج کے دوران سڑکیں بلاک رہیں۔ کئی شہروں اور دیہات میں 12 سے 18 گھنٹے کی بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی گئی جس پر لوگ سراپا احتجاج بنے رہے، گیس کی قلت بھی برقرار رہی جس کے باعث گھروں میں چولہے ٹھنڈے رہے۔ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کیخلاف فیصل آباد میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور سڑک کو بلاک کرکے نعرے بازی کی گئی۔ لورالائی میں بھی شدید احتجاج کیا گیا اور کوئٹہ ڈیرہ غازیخان روڈ کو کئی گھنٹے تک بلاک کئے رکھا گیا۔ چنیوٹ سے نامہ نگار کے مطابق چنیوٹ شہر میں بجلی کا بحران شدت اختیار کر گیا، دورانیہ 20 گھنٹے سے بھی تجاوز کرگیا۔ فرنیچر کی صنعت بھی شدید متاثر ہورہی ہے۔ تاندلیانوالہ سے نامہ نگار کے مطابق تاندلیانوالہ شہر اور گرد و نواح میں 22 گھنٹے کی طویل لوڈ شیڈنگ سے کاروباری زندگی معطل ہوکر رہ گئی، پانی کی بھی شدید قلت رہی۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف لیبر قومی موومنٹ نے ضلع کونسل چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ لیبر قومی موومنٹ بھٹہ مزدوروں نے ضلع کونسل چوک میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے روڈ کو ٹریفک کی آمد ورفت کے لئے بلاک کردیا۔ پاکپتن سے نامہ نگار کے مطابق ہر گھنٹے بعد تین سے چار گھنٹے کے لئے بجلی کی بندش سے شہریوں کو سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ بھیرہ سے نامہ نگار کے مطابق شہر میں مسلسل چار چار گھنٹوں تک بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری رہی اور یہ دورانیہ مجموعی طور پر اٹھارہ گھنٹے روزانہ پر محیط ہوگیا۔ این این آئی کے مطابق مختلف شہری علاقوں میں ہر گھنٹے بعد دو سے تین گھنٹے مسلسل لوڈشیڈنگ جاری رہی، گیس کی لوڈ شیڈنگ اور کم پریشر کی شکایات بھی برقرار ہیں جس کے خلاف گلبرگ کے رہائشیوں نے سوئی گیس کے دفتر کے باہر مظاہرہ کیا جس سے ٹریفک کا نظام معطل ہوگیا۔ مظاہرین نے انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔ ثناءنیوز کے مطابق لورالائی میں لوڈشیڈنگ کے خلاف علاقے کے لوگوں نے احتجاج کیا۔ کوئٹہ تا ڈیرہ غازی خان کی سڑک کو لورالائی درگئی کے مقام پر گھنٹوں تک بند رکھا گیا۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گردونواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور بدترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری شہر میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 17جبکہ دیہات میں 20گھنٹے سے بھی تجاوز کرجانے کے باعث کاروباز زندگی بری طرح مفلوج ہوکر رہ گئی ہے مسلسل چار، چار گھنٹے بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کے باعث لوگوں کے کاروبار بری طرح متاثر ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ علاوہ زیں کئی علاقوں میں گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے سارا سارا دن گیس کی بندش کے باعث گھروں میں خواتین کو کھانا پکانے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
بجلی/ گیس بحران

epaper

ای پیپر-دی نیشن