پاکستان کے طالبان سے غیر مشروط مذاکرات، بھارت کیلئے سنگین نتائج برآمد ہونگے: نارائنن
پاکستان کے طالبان سے غیر مشروط مذاکرات، بھارت کیلئے سنگین نتائج برآمد ہونگے: نارائنن
نئی دہلی (آئی این پی) بھارت کی قومی سلامتی کے سابق مشیر ایم کے نارائنن نے کہا ہے کہ اگر طالبان افغانستان میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو انکا اگلا ہدف بھارت ہوگا، پاکستان کے طالبان کے ساتھ غیر مشروط مذاکرات کے بھارت کیلئے سنگین نتائج بر آمد ہوں گے، افغانستان نے طالبان کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے ہیں، پاکستان نے بھارت کو ایک حد میں رکھنے کیلئے ہمیشہ جہادی عناصر کی حمایت کی ہے۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے نارائنن نے کہا کہ اگر طالبان جیسے گروپ افغانستان میں دوبارہ اقتدار حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو یہ بھارت کیلئے زیادہ خطرناک ہوگا۔ اصل پریشان کن بات یہ ہے کہ پاکستان خطر ناک حکمت عملیوں کو روکنے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کرتا۔ بھارت دہشت گردی کیلئے انتہائی آسان ہدف ہے، یہ سب کچھ سرحد بار موجود ہے۔ پڑوسی ملک کے اندر تشدد اور شدت پسندی عام ہے۔ پاکستان اور افغانستان ریاستی کمزوریوں کا مجموعہ ہیں اور دونوں ممالک میں دہشت گرد گروپ براہ راست خطرہ ہیں، دونوں ممالک میں طالبان کو ختم کرنے کے حوالے سے کوئی اشارہ نہیں دیا جاتا۔ پاکستان کا نیا قومی نظریہ بھی خطرناک ہے، ہمیں ممبئی طرز کے دیگر حملوں کےلئے تیار رہنا ہوگا۔ بھارت میں ہونےوالے زیادہ تر حملے پاکستان کی طرف سے بنائے گئے دہشت گردوں نے کئے۔ ان میں زیادہ تر لشکر طیبہ اور جیش محمد شامل ہیں۔ انڈین مجاہدین لشکر طیبہ کی پیداوار ہیں۔ لشکر طیبہ گزشتہ 20 سال سے بھارت میں کام کر رہا ہے، یہ القاعدہ سے منسلک ہے۔
نارائنن