• news

ڈیرہ اسماعیل خان، دھماکہ 2 جاں بحق، چارسدہ: چیک پوسٹ پر دھماکہ، اے این پی رہنما محفوظ رہا

ڈیرہ اسماعیل خان، دھماکہ 2 جاں بحق، چارسدہ: چیک پوسٹ پر دھماکہ، اے این پی رہنما محفوظ رہا

ڈیرہ اسماعیل خان/ چارسدہ (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) ڈیرہ اسماعیل خان میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ جائے وقوعہ سے ملنے والے مزید چار بموں کو بم ڈسپوزل سکواڈ نے ناکارہ بنا دیا۔ اطلاعات کے مطابق تحصیل کلاچی کے علاقے لونی میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کےلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت زین اللہ اور شمس الرحمان کے نام سے ہوئی ہے۔ بعدازاں دھماکے کے بعد جائے وقوعہ سے مزید چار بم ملنے کی اطلاع موصول ہوئی جسے بم ڈسپوزل سکواڈ نے ناکارہ بنا دیا ہے۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہے۔ علاوہ ازیں چارسدہ میں مردان روڈ پر اے این پی کے رہنما فضل خالق کی گاڑی کے قریب دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے 2 افراد زخمی ہو گئے، جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پیر کو پولیس کے مطابق اے این پی کے رہنما فضل خالق اپنی گاڑی میں جا رہے تھے مردان روڈ پر کلاڈ پر پولیس چیک پوسٹ کے قریب دھماکے خیز مواد پھٹ گیا تاہم اے این پی کے رہنما فضل خالق محفوظ رہے۔ واقعہ کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ دریں اثناءتحصیل باڑا کے علاقے اکاخیل میں امن لشکر کے مرکز کے قریب دھماکہ ہوا جس میں 2 اہلکار زخمی ہو گئے۔
بم دھماکہ/ 2 جاںبحق

ای پیپر-دی نیشن