• news

پاکستان‘ امریکہ کا رشتہ آقا اور غلام سے زیادہ کچھ نہیں: منور حسن

پاکستان‘ امریکہ کا رشتہ آقا اور غلام سے زیادہ کچھ نہیں: منور حسن

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے امریکی امداد کوشکیل آفرید ی کی رہائی سے مشروط کرنے کے بل پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان اور امریکہ کا رشتہ آقا اور غلام سے زیادہ کچھ نہیں۔ وہ جب چاہتا ہے پاکستان کی امداد روک دیتاہے، امریکہ نے دنیا بھر میں اپنے ایجنٹ پھیلا رکھے ہیں جو اس کے لیے جاسوسی کرتے ہیں، شکیل آفریدی امریکی ایجنٹ تھا اور پاکستان کے ساتھ غداری کا مرتکب ہوا، اپنے ایجنٹ کی رہائی کے لیے امریکہ نے پاکستان کی امداد روک دی ہے، امریکی جنگ کی خاطر پاکستان نے اپنا سب کچھ، حتیٰ کہ آزادی اور قومی وقار تک داﺅ پر لگا دیا ہے لیکن امریکہ کے آگے اس کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکمرانوں نے قومی مفادات کی قربانی دے کر امریکی مقاصد کو پورا کیا لیکن امریکہ نے آج تک پاکستان پر اعتماد نہیں کیا اور بار بار ڈو مور کے احکامات کے ساتھ بداعتمادی کا اظہار کرتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے غداری کرنے اور امریکی اشاروں پر ناچنے والا شکیل آفریدی امریکہ کی آنکھ کا تار ا بنا ہوا ہے اور وہ ہرحالت میں اسے رہا کروانا چاہتا ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ حکومت تین بے گناہ پاکستانیوں کے قاتل ریمنڈ ڈیوس کی طرح غدار وطن شکیل آفریدی کو بھی امریکہ کے حوالے کر دیتی ہے یا اپنے قومی وقار کا تحفظ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ امریکی امداد پر لعنت بھیج کر اتحادی جنگ سے فوری علیحدگی اور لاتعلقی کا اعلان کر دیں۔
منور حسن

ای پیپر-دی نیشن