• news

نوجوان ہمارا سرمایہ ہیں، استحکام پاکستان کے لئے مثالی کردار ادا کریں: شجاعت

نوجوان ہمارا سرمایہ ہیں، استحکام پاکستان کے لئے مثالی کردار ادا کریں: شجاعت

لاہور (خصوصی رپورٹر) ق لیگ کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ نوجوان ہماری جماعت کا قیمتی سرمایہ ہیں، قائداعظمؒ کی قیادت میں نوجوانوں نے تحریک پاکستان میں ناقابل فراموش کردار ادا کیا تھا، آج بھی نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ پاکستان کی سلامتی و استحکام کے تحفظ اور اسے قائداعظمؒ کا پاکستان بنانے کیلئے انتھک محنت اور مثالی کردار ادا کریں۔ وہ یہاں اپنی رہائش گاہ پر مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مشاہد حسین سید کے ہمراہ یوتھ ونگ کے صدر بلال مصطفی شیرازی اور نومنتخب جنرل سیکرٹری ملک شکیل سکندر کی قیادت میں وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ یوتھ ونگ کے نوجوان مسلم لیگ کا ہراول دستہ ہیں اور یہ پارٹی کا مثالی ونگ اور قیمتی سرمایہ ہے جس کی تنظیم پورے ملک میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ، علامہ اقبالؒ اور مادر ملت محترمہ فاطمہ جناحؒ ہمارے رول ماڈل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ ونگ کے ساتھ ساتھ خواتین بھی پارٹی میں قابل فخر کردار ادا کر رہی ہیں۔ چودھری شجاعت حسین نے نومنتخب جنرل سیکرٹری کا نوٹیفکیشن ملک شکیل سکندر کو دیتے ہوئے بتایا کہ یوتھ ونگ کا سالانہ کنونشن فروری میں اسلام میں منعقد ہو گا، ملاقات کرنیوالے وفد میں عابد چودھری، بلال حسن، ساجد چودھری، حسنین نصیر، مطاہر احمد، عامر اقبال اور احسان شیخ بھی شامل تھے۔
شجاعت

ای پیپر-دی نیشن