ناصر باغ اور عتیق سٹیڈیم کو احتجاج کرنے، جلسہ و جلوس کیلئے مختص کردیا گیا
ناصر باغ اور عتیق سٹیڈیم کو احتجاج کرنے، جلسہ و جلوس کیلئے مختص کردیا گیا
لاہور ( سپیشل رپورٹر) محکمہ داخلہ پنجاب نے شاہراہ قائداعظم/مال روڈ لاہور پر جلسے جلوسوں پر عائد پابندی پر عملدرآمد کروانے کیلئے ناصر باغ اور عتیق سٹیڈیم کو مستقل بنیادوں پر احتجاج ریکارڈ کروانے کے مقامات ڈکلیئر کرتے ہوئے مجموعی طور پر 8 نکاتی ضابطہ اخلاق جاری کردیا، صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان کی قیادت میں ایک کمیٹی مستقبل بنیادوں پر بنا دی جس کو پولیس حکام اور ضلعی انتظامیہ مختلف حوالوں سے رپورٹ کرنے کے پابند ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات کی روشنی میں سیکشن آفیسر (انٹرنل سیکورٹی ون) محکمہ داخلہ پنجاب نے باضابطہ طور پر ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق لوکل گورنمنٹ آرڈینینس2001 کے تحت ضلعی انتظامیہ اپنی اپنی حدود میں جلسے، جلوسوں کے معاملات کو ریگولیٹ کرنے کی پابند ہیں، صوبائی دارالحکومت کے دو مقامات ”ناصر باغ اور عتیق سٹیڈیم“ کو مستقل بنیادوں پر لاہور میں احتجاج کرنے یا جلوس منعقد کرنے کے حوالے سے مختص کیا جا رہا ہے۔ ضلع انتظامیہ پولیس فورس، مال روڈ ٹریڈرز ایسویسی ایشن کے ساتھ مل کر شاہراہ قائد اعظم پر کسی قسم کے احتجاجی جلسے جلوس کو منعقد نہ ہونے دینے کے لئے اقدامات کرے گی۔
مال روڈ/ پابندی