• news

”بلوچستان کی ترقی ملک کیلئے اہم ہے: اسحاق ڈار، وزیراعلیٰ عبدالمالک کی ملاقات

”بلوچستان کی ترقی ملک کیلئے اہم ہے: اسحاق ڈار، وزیراعلیٰ عبدالمالک کی ملاقات

اسلام آباد (این این آئی+ آئی این پی) اسلام آباد(این این آئی) پیر کو وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبد المالک نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے کے مالی مسائل پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہاکہ بلوچستان کی ترقی ملکی ترقی کیلئے انتہائی اہم ہے اور حکومت کی ترجیحات کا اہم حصہ ہے۔ وزیر خزانہ نے بلوچستان حکومت کے مالی نظام کو بہتر انداز میں چلانے اور پہلی سہ ماہی کیلئے بجٹ سرپلس رکھنے پر کو سراہا۔ اس موقع پر صوبے کے انتظامی، مالی اور دیگر مسائل کے حل کیلئے وفاقی وزراءاور صوبائی وزراکے درمیان ملاقات کرانے کا ارادہ ظاہر کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ وہ وزیراعظم نواز شریف کی حکومت بلوچستان کو اوّلین ترجیح دیتی ہے کیونکہ پاکستان کا مستقبل بلوچستان کی ترقی سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایکنک نے کوئٹہ سریاب روڈ پرفلائی اوور کی تعمیر کے منصوبے کی حال ہی میں منظوری دی ہے۔ وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے بلوچستان حکومت کے فنانشل ڈسپلن کو سراہتے ہوئے کہاکہ وفاقی بجٹ میں کئے گئے اعلان کے مطابق بلوچستان حکومت کو پہلی سہ ماہی میں سرپلس بجٹ پر 175.4 ملین روپے کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ مالیاتی، انتظامی اور دیگر امور کو حل کرنے کیلئے وفاقی وزراءاور بلوچستان حکومت کا ایک اجلاس منعقد کیا جائیگا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ عبدالمالک نے وفاقی وزیر کو یقین دلایا کہ فندز کو صوبے کی ترقی اور لوگوں کی فلاح وبہبود پر خرچ کیا جائیگا۔ دریں اثناءوزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک نے کہا کہ بار بار کے فوجی آپریشن نے بلوچستان میں شدت پسندی کو فروغ دیا، ملازمتوں کے کوٹے پر عمل درآمد کیا جائے تو بلوچستان سے شدت پسندی کا خاتمہ ممکن ہے، وہ چیئر مین سینٹ سید نیر حسین بخاری سے پارلیمنٹ ہاﺅس میں ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ ملاقات میں بلوچستان کے مسائل کے حل اور آئینی معاملات بلوچستان کے صوبائی کوٹے اور سینٹ میں ملازمتوں کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔ چیئر مین سینٹ نے یقین دہانی کرائی کہ صوبہ کے مسائل کے حل کیلئے ایوان بالا ہر طرح کی مدد کریگا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ ملازمتوں کے کوٹے پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ بلوچستان کے نوجوانوں میں احساس محرومی ختم ہو۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ اور جمہوریت کو مستحکم کئے بغیر حالات بہتر نہیں بنائے جاسکتے ‘ بلوچستان میں لاپتہ افراد کا مسئلہ حل کرنا ہوگا‘ اغواءبرائے تاوان کی وارداتیں بڑھنا خطرناک رجحان ہے، صوبے میں امن و امان کی صورتحال میں 33 فیصد بہتری ہوئی ہے۔ وہ سینٹ کے ڈپٹی چیئرمین صابر بلوچ کی طرف سے بلوچستان کے وزراءاور ارکان اسمبلی کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کررہے تھے ۔ ظہرانہ میں سینٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق‘ جہانگیر بدر‘ چوہدری جعفر اقبال سمیت دیگر ارکان سینیٹ نے شرکت کی ۔ وزیراعلیٰ عبدالمالک نے کہا کہ بلوچستان کا پارلیمانی وفد مثبت پیغام لیکر اسلام آباد آیا ہے ، اے این پی کے رہنما ارباب کانسی کی رہائی کیلئے پارلیمنٹ کے باہر احتجاج کریں گے۔ صدر اور وزیراعظم سے بھی ملاقاتیں کی جائیں گی بلوچستان کے عوام دہشت گردی کا شکار ہیں ارباب ظاہر کانسی کا اغواءایک افسوسناک واقعہ ہے صوبے کے لئے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں وفاقی حکومت ان کی جلد رہائی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرے دہشت گردی کا بھی خاتمہ کرنا ہوگا۔
اسحاق ڈار/ عبدالمالک

فرمان اقبال

فرمان اقبال

ای پیپر-دی نیشن