طالبان کے کئی گروپوں کی سرپرستی امریکہ اور بھارت کرتے ہیں: لیاقت بلوچ
ملتان (نوائے وقت نیوز+ ثناءنیوز) جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ طالبان کے 65 گروپس ہیں ان میں کئی ایسے بھی ہیں جن کی سرپرستی امریکہ اور بھارت کر رہے ہیں۔ ایک المیہ ہے کہ قوم ایک موقف اختیار کرتی ہے تو امریکہ ڈرون حملہ کر دیتا ہے، ہماری قومی سلامتی کی کوئی پالیسی نہیں ہے، روزانہ ہماری فورسز کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ثناءنیوز کے مطابق لیاقت بلوچ نے کہا کہ اسلام کسی بے گناہ کا خون بہانے کی اجازت نہیں دیتا۔ سکیورٹی فورسز پر حملے پاکستان کی سلامتی پر حملے ہیں ملک کیلئے جانیں دینے والے جوان قابل فخر ہیں۔ مشرف کو نہ جانے کیا بیماری ہے لگتا ہے کہ اس کو تکبر ، غرور، جھوٹ اور عوام کو دھوکہ دینے کی بیماری ہے۔ پرویز مشرف کو ریمنڈ ڈیوس کی طرح کسی دباﺅ پر ریلیف دیا گیا تو یہ حکومت اور فوج کیلئے انتہائی نقصان دہ ہوگا۔ تمام مسائل کے حل کی کنجی عوام کے پاس ہے وہ دیانت دار قیادت کو منتخب کرے۔ جماعت اسلامی کی قیادت ہی ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ملتان میڈیا سنٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات منظم سازش کے ساتھ مسلسل بڑھتے جارہے ہیں۔ امریکہ اور دشمن قوتیں پاکستان کو ناکام ریاست ثابت کرکے ایٹمی اثاثوں پر قبضہ اور اس خطے میں بھارت کی بالادستی قائم کرنا چاہتی ہیں۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ دشمن قوتیں تو متحد مگر ہم انتشار کا شکار ہیں۔ اے پی سی بلانے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ حکومت کو طالبان کے ساتھ مذاکرات کے آپشن پر سنجیدگی سے عمل کرنا چاہئے۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاسوں اور اے پی سی کے فیصلوں کی روشنی میں ملک کی داخلہ وخارجہ پالیسیوں کو ترتیب دیا جائے۔ بھارت مسئلہ کشمیر سمیت کسی بھی اہم مسئلے کو حل کرنے کیلئے تیار نہیں مگر ہمارے حکمران اس سے تجارت میں لگے ہوئے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات کروانا وفاقی وصوبائی حکومتوں کی آئینی ذمہ داری ہے۔