• news

جوہری معاہدے پر عملدرآمد‘ ایران نے 20 فیصد یورینیم افزودگی روک دی‘ یورپی یونین کی پابندیاں معطل‘ امریکہ نے نرم کرنے کی منظوری دیدی

تہران(این این آئی/نوائے وقت رپورٹ)یران نے جوہری طاقتوں سے مذاکرات کے بعد 20 فیصد یورینیم کی افزودگی روک دی ،لمی معائنہ کاروں نے سینٹری فیوجز خود منقطع کئے۔ غیرملکی پیر کو ایران کے جوہری پروگرام کے سربراہ علی اکبر صالحی نے ایران کے دورے پر آئی جوہری ٹیم کو بتایا کہ Natanz کے 2 اور Fordo کے 4 پلانٹس کو عملی طورپر یورینیم کی افزودگی سے روک دیا گیا ہے،ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان ہونے والے معاہدے پر عملدرآمد کے لیے اقوام متحدہ کے معائنہ کار گزشتہ دوروزسے ایران میں موجود ہیں۔اس موقع پر عالمی معائنہ کاروں نے سینٹری فیوجز خود منقطع کئے، افزودگی روکنے کے بدلے مغربی ممالک کی جانب سے لگائی گئی ایران پر پابندی میں کمی لائی جائے گی،علی اکبر صالحی نے کہاکہ 4.2 ارب ڈالر کے منجمد اثاثوں کوآٹھ قسطوں میں غیر منجمد کیاجائے گااور ایرانی مصنوعات کو عالمی منڈی تک رسائی بھی دی جائے گی۔ایرانی جوہری توانائی کے ادارے کے ترجمان بہروز کمال وندی نے کہاکہ جنیوا میں 24 نومبر 2013 کو ہونے والے ابتدائی جوہری معاہدے پر عمل در آمد کے آغاز کے طور پر یورینیم کی 20 فیصد تک افزودگی کی معطلی پیرکی مقامی وقت کے مطابق دوپہربارہ بجے سے شروع کردی ہے ،انہوں نے کہاکہ ابتدائی طور پر ایران پر پہلے سے عائد پابندیوں میں قدرے نرمی آئے گی جبکہ امریکی انتظامیہ ایران کو مزید پابندیوں کی زد میں لانے کے خلاف متحرک ہے،امریکہ اور مغربی ممالک کی کوشش ہے کہ ایران کو مذاکرات کے ذریعے جوہری بم بنانے سے باز رکھا جائے۔ اس سلسلے میں ایران کے نئے صدر حسن روحانی کے برسراقتدار آنے کے بعد کافی بہتری کا امکان پیدا ہوا ہے۔مغربی سفارتکار اور جوہری ماہرین ایران کے ساتھ ہونے والی اب تک کی پیش رفت کو خوش آئند قرار دے رہے ہیں۔ امریکہ نے ایران پر بعض پابندیوں میں نرمی کی منظوری دیدی،بل اگلے ہفتے کانگریس میں بھجوایاجائیگا،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی وزیرخارجہ جان کیری کی زیرصدارت سینٹ کی دفاعی کمیٹی کا اجلاس پیر کو منعقد ہوا،اجلاس میں ایران پر عائد پابندیوں کا جائزہ لیاگیااوراس حوالے سے مسقتبل کی حکمت عملی ترتیب دی گئی ۔کمیٹی نے وزیرخارجہ کو ایران پر عائد پابندیوں میں نرمی کرنے کا اختیاردیا جس پر جان کیری نے پابندیوں میں نرمی کا حکمنامہ جاری کردیا،ایران کے منجمد اثاثے بھی مرحلہ وار بحال کردیئے جائیں گے اس کے علاوہ ایران کی مصنوعات کو عالمی منڈیوں تک رسائی کا اختیاربھی حاصل ہوگا،جان کیری نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ امریکہ نے اپنے اہداف حاصل کرلیے ہیں ہمارا اصل مقصد ایران کو مذاکرات کی میز پر لانااوراپنے مطالبات منوانا تھا ،انہوں نے کہاکہ آج امریکہ کے لیے ایک تاریخی دن ہے کہ ایران نے یورینیم کی افزودگی کو بیس فیصد تک کم کرنے پر عمل درآمد شروع کردیا ہے ،انہوں نے ارکان کانگریس سے اپیل کی کہ وہ بھی ایران پر عائد پابندیوں میں نرمی کے بل کی حمایت کریں تاکہ ایران کو مزید یورینیم کی افزودگی کم کرنے پر مجبورکیاجاسکے۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق ایران پر عائد کچھ معاشی پابندیوں میں نرمی کی جائے گی۔ ایران جوہری پروگرام سے متعلق آئندہ مذاکرات میں عالمی برادری کے خدشات، بہت پیچیدہ ہو سکتے ہیں۔ مذاکرات میں پیش آنے والی مشکلات پر امریکہ واضح نظر رکھے گا۔ یورپی یونین کے ایران پر عائد پابندیاں معطل کر دیں۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یورپی یونین نے ایران پر عائد کچھ پابندیاں معطل کر دی ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن