• news

عوام کی بے لوث خدمت کر رہے ہیں، لوٹ کھسوٹ کا دور گزر چکا: پرویز خٹک

نوشہرہ (آن لائن) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبے میں تبدیلی کا آغاز ہو چکا، صوبائی حکومت کے وزراء شب وروز عوام کی بے لوث خدمت میں لگے ہوئے ہیں، لوٹ کھسوٹ کا دور گزر چکا جو لوگ پہلے ناکام ہوچکے، انکو تبدیلی نظر نہیں آرہی۔ عوام حقیقی تبدیلی محسوس کررہے ہیں۔کرپٹ اہلکاروں سے مزید نرمی نہیں برتی جائیگی۔ خود ہسپتالوں، تھانوں اور سرکاری دفاتر کے ہنگامی دورے کرکے عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنے کیلئے میدان میں موجود ہوں۔ سی ایم سیکرٹریٹ میں کمپلینٹ سیل اپنا بھرپور کردار کررہا ہے۔ صحافی حضرات کمپلینٹ سیل کی کارکردگی کو چیک کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ پریس کلب کے صحافیوں میں 9 لاکھ 73 ہزار روپے کے چودہ موٹرسائیکلوں کی چابیوں اور کاغذات کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرسیکرٹری انفارمیشن، سیکرٹری اطلاعات طارق جمیل، ڈائریکٹر انفارمشین بہرمند خان بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا کہ چھ مہینوں میں تھانوں، ہسپتالوں اور سرکاری دفاتر کا قبلہ درست کرلئے ہیں۔ عوام نے زندہ باد اور مردہ باد کے نعرے چھوڑ دئیے ہیں۔ ہم تنقید برائے اصلاح پر یقین رکھتے ہیں۔ وفاقی حکومت آئے روز پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرتی ہے۔ بجلی اور گیس کے نرخ مرکز مقرر کرتا ہے جس کے تمام اثرات براہ راست غریب عوام پر پڑتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مرکز صوبہ خیبر پی کے کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کررہا ہے۔ بجلی کے خالص منافع میں مرکز کو خیبر پی کے کے 375 ارب روپے دینے ہیں۔ چھ ارب روپے سالانہ کا وعدہ بھی مرکز دو سال سے پورا نہیں کر رہا۔ پرویز خان خٹک نے نوشہرہ پریس کلب کے لیے میڈیا کالونی کی حد براری کیلئے ایلیٹ فورس کو احکامات جبکہ پریس کلب کے متصل سی اینڈ ڈبلیو کاسٹور فوری طور پر پریس کلب کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کردئیے۔پرویز خٹک نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے صوبہ کے پی کے کو پاکستان کا حصہ نہیں سمجھا۔ وزیراعظم صوبہ کے وزیراعلیٰ کو ملاقات کا ٹائم ہی نہیں دیتے، 2 ماہ سے وزیراعظم کی تلاش میں ہوں لیکن وزیراعظم ٹائم ہی نہیں دے رہے۔ دہشت گردی پر پالیسی بنانا وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ اے پی سی کے فیصلوں پر وفاقیح کومت نے متفقہ فیصلوں پر عملدرآمد نہیں کیا۔ وفاقی حکومت دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پالیسی واضح کرے، اپوزیشن اور قوم ساتھ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی قیادت ہر صوبے کو پاکستان کا حصہ سمجھے اور مساوی رویہ رکھے۔ 

ای پیپر-دی نیشن