• news

بان کی مون نے جنیوا ٹو امن کانفرنس میں ایران کو شرکت کی دعوت دے دی

نیویارک (نمائندہ خصوصی ثناء نیوز + بی بی سی) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے اعلان کیا کہ انہوں نے جنیوا ٹو امن کانفرنس میں شرکت کے لیے ایران کو دعوت دی ہے۔ اس دعوت نامے پر امریکہ اور شامی اپوزیشن کے قومی اتحاد نے اعتراض کیا ہے۔ جنیوا میں شام کے بارے میں ہونے والے امن مذاکرات میں ایران کو دی جانے والی دعوت کے حوالے سے بان کی مون نے کہا،  تہران حکومت کا کہنا تھا کہ اگر اسے امن مذاکرات میں شرکت کی دعوت دی گئی تو وہ مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ کانفرنس میں شرکت کے حوالے سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون اور ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کے درمیان طویل مذاکرات بھی ہوئے۔ بان کی مون نے یہ بھی واضح کیا کہ انہیں یقین دلایا گیا ہے کہ ایران جنیوا میں ہونے والے اعلامیے کا حامی ہے۔ جنیوا ٹو امن کانفرنس میں ایران کو دعوت دینے کا اعلان سامنے آنے کے بعد امریکہ اور شامی اپوزیشن کے قومی اتحاد کی جانب سے اعتراضات بھی سامنے آ گئے ہیں۔ شامی اپوزیشن کے قومی اتحاد کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری کیے گئے پیغام میں کہا گیا کہ اگر جنیوا کانفرنس میں ایران کی شرکت برقرار رکھی گئی تو وہ اِس کانفرنس میں شریک ہونے کے اعلان سے دستبرداری اختیار کر لیں گے۔ ٹویٹر پر یہ بیان قومی اتحاد کے ترجمان لوئی صافی کی جانب سے سامنے آیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن