کئی صدیوں سے مسلم امہ نے اپنے تشخص اور میراث سے تعلق ختم یا کم کرلیا: ڈاکٹر منیر احمد مغل
لاہور (پ ر) جسٹس (ر) ڈاکٹر منیر احمد مغل نے کہا ہے کہ گزشتہ کئی صدیوں سے مسلم امہ نے اپنے تشخص اور میراث سے تعلق ختم یا کم کرلیا ہے اور ’’علوم و فنون‘‘ میں ہم مغربی اقوام سے پیچھے رہ گئے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار مون لائٹ سکول نسبت روڈ لاہور میں سیرت النبیؐ کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اعلیٰ دانش گاہیں ماہرین تعلیم سائنس دان مفکرین ابن رشید فارابی اور امام غزالی جیسی ہستیاں پیدا کرنے میں ناکام رہے۔ مسلمانوں کے زوال کی وجہ حضور کریمﷺ کے راستے کو چھوڑ دینا ہے۔ جب تک ہم اس راستے پر چلتے رہے دنیا کے حکمران رہے۔ مون لائٹ سکول سسٹم کے چیئرمین ادیب جاودانی نے کہا کہ اللہ کے آخری رسولؐ نے سیاست کے جن بنیادی اصولوں (امانت، دیانت، صداقت، اخوت، مساوات) کا عملی نمونہ پیش کیا تھا پاکستان کے سیاستدان ان سے یکسر عاری ہیں۔