• news

گوجرانوالہ میں ڈنڈہ برداروں نے پولیو ٹیم کو ویکسین پلانے سے روک دیا‘ فیصل آباد میں تشدد

اسلام آباد+گوجرانوالہ+فیصل آباد (آن لائن+نمائندہ خصوصی) وفاقی حکومت نے پولیو ورکرز پر دہشت گردوں کے مسلسل حملوں کے پیش نظر ان کے لئے خصوصی حفاظتی فورس تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ فورس صوبوں کی مشاورت سے تیار کی جائے گی اور یہ تمام صوبوں میں صوبائی حکومتوں کی سفارشات کے مطابق کام کرے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فورس کے اخراجات وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر برداشت کریں گی۔ اخراجات کا 60 فیصد وفاقی حکومت جبکہ40 فیصد صوبائی حکومتیں دیں گی۔ پنجاب حکومت کی ہدایت پر صوبے میں پولیو ٹیموں کی سکیورٹی سخت کر دی گئی۔ فیصل آباد کے ڈی سی او کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں 3 ہزار اہلکار پولیو ٹیموں کے ساتھ ڈیوٹی دینگے۔  ملتان میں بھی پولیو ورکرز کے ساتھ پولیس اہلکار متعین کر دئیے گئے ہیں۔ گوجرانوالہ  سے نمائندہ خصوصی کے مطابق پولیو ٹیم کو ڈنڈے برداروں نے ویکسین پلانے سے روک دیا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ بتایا گیا ہے کہ گرجاکھ کے علاقہ محمد آباد میں محکمہ ہیلتھ کی ٹیم  پولیو سے بچائو کے قطرے پلا رہی تھی کہ ذوالقرنین عرف پومی نے ساتھیوں کے ہمراہ ڈنڈے سے ٹیم کے انچارج رضوان کریم اور ان کے ساتھیوں پر حملہ کر دیا اور انہیں دھمکیاں دیں ‘علاقہ سے نکال دیا ۔ٹیم کی طرف سے اطلاع ملنے پر ڈی ایس پی کوتوالی نعیم الحسنین ایس ایچ او گرجاکھ کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے جبکہ ذوالقرنین عرف پومی کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔  فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق مکوآنہ میں پولیو ورکرز کی ٹیم کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق مکوآنہ کے نواحی علاقہ شفیق ٹاؤن گلی نمبر7 میں پولیو ٹیم کے سینٹری ورکر رورل ہیلتھ سنٹر مکوآنہ کے محمد نذیر اور رابعہ دیہاتی شاہد کے گھر قطرے پلانے گئے جہاں مبینہ طر پر ملزم شاہد نے محمد نذیر کے ساتھ بدتمیزی اور گالی گلوچ شروع کر دی اور طیش میں آ کر اپنے اہلخانہ کے ہمراہ اسے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے شدید زخمی کر دیا۔ اطلاع ملنے پر متعلقہ پولیس موقع پر پہنچ گئی تاہم ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس نے کارروائی شروع کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن