• news

ٹرک ڈرائیور روکنے پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی طلبی‘ بھارت کا پاکستان سفیر سے احتجاج

اسلام آباد+ نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گوپال باکلے کو دفتر خارجہ طلب کرکے لائن آف کنٹرول پر ٹرکوں اور ان کے ڈرائیوروں کو روکے جانے کا معاملہ اٹھایا ہے، دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق پاکستان نے دفتر خارجہ میں بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشن کو طلب کیا اور لائن آف کنٹرول پر تجارتی ٹرکوں اور انکے ڈرائیوروں کے روکے جانے کا معاملہ اٹھایا اور ٹرکوں کے روکے جانے پر احتجاج کیا۔ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر سے بس سروس کی معطلی کا معاملہ بھی اٹھایا گیا۔ واضح رہے  بھارتی دفتر خارجہ نے بھی پاکستانی ڈپٹی ہائی کمشن کو دفتر خارجہ طلب کرکے اسی ایشو پر احتجاج کیا ہے۔ نیٹ نیوز کے مطابق لائن آف کنٹرول پر بس سروس کی معطلی پر بھارت نے پاکستانی سفیر کو طلب کر لیا۔ بھارتی سرکاری میڈیا کے مطابق پاکستانی نائب ہائی کمشنر منصور احمد خان کو سری نگر مظفر آباد اور راولا کوٹ پونچھ بس سروس کی معطلی پر طلب کیا گیا۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ اس معاملے کو جلدازجلد حل کرنے کے لئے ہرممکن کوشش کر رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن