نجی ائرلائن کی پرواز آٹھ گھنٹے لیٹ، مسافروں کا لاہور ائرپورٹ پر احتجاج
لاہور (خبرنگار) ابوظہبی سے آنیوالی پرواز نجی ائرلائن کی پرواز ای وائی 241 کے مسافروں نے انتظامیہ کے خلاف لاہور ائرپورٹ پر مظاہرہ کیا۔ مظاہرین میں خواتین اور معصوم بچے بھی شامل تھے۔ ان مسافروں کا کہنا تھا کہ اتحاد ائرلائن نے ایک پرواز ’’بچانے‘‘ کیلئے انہیں 8 گھنٹے تک ابوظہبی ائرپورٹ پر ٹرانزٹ میں خوار کیا۔ معصوم بچے زمین پر لیٹے، بیٹھے اور سوتے رہے۔ بچوں کے معصوم سوالات کا جواب دینا مشکل تھا۔ بزرگ خواتین کا کہنا تھا کہ اتحاد ائرلائن اگر پرواز ’’بچانا‘‘ چاہتی ہے تو مسافروں کو بتا دے تاکہ آئندہ وہ کسی اور ائرلائن سے سفر کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ابوظہبی میں ساڑھے نو گھنٹوں سے 16 گھنٹے تک پرواز کا انتظار کیا۔ بار بار پرواز کا وقت دو، دو گھنٹے کر کے بڑھایا جاتا رہا تاکہ مسافروں کو ہوٹل نہ ’’فراہم‘‘ کرنا پڑے۔