• news

پولیو کے خاتمے، ہر بچے کو ویکسین پلانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے: صدر ممنون

اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے تمام سرکاری و نجی متعلقہ حلقوں اور عوام پر زور دیا ہے کہ وہ آگے بڑھتے ہوئے ملک گیر انسداد پولیو مہم 2014ء میں فعال شرکت کریں، پاکستان پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے پختہ عزم رکھتا ہے اور ملک کے کونے کونے سے اس مہلک بیماری کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے تمام سطحوں پر ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے یہ بات انسداد پولیو کے بارے میں ایوان صدر میں ہونے والے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ صدر نے اس موقع پر بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر پہلی ملک گیر پولیو مہم 2014ء میں بھی شرکت کی جو گزشتہ روز ملک بھر میں شروع ہوئی۔ صدر نے کہا کہ شدید سکیورٹی چیلنجز کے باوجود پاکستان پولیو کے انسداد کے لئے پختہ عزم رکھتا ہے اور ملک کے کونے کونے سے اس مہلک بیماری کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے تمام سطحوں پر ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ صدر نے صبح پشاور میں گرینڈ قبائلی جرگہ کے دوران قبائلی عمائدین کے ساتھ اپنی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا  انہوں نے گورنر خیبرپختونخوا اور فاٹا سیکرٹریٹ کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقامی آبادی بالخصوص آئمہ کرام، علماء کرام اور قبائلی رہنمائوں کو پولیو کے خلاف مہم میں شریک کریں اور والدین کو قائل کریں کہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائیں۔ اس موقع پر صدر نے متعلقہ حلقوں پر زور دیا کہ وہ پولیو مہم میں شریک کارکنوں کو مکمل تحفظ فراہم کریں کیونکہ ہم کسی کو اس بات کی اجازت نہیں دے سکتے کہ وہ ہماری آئندہ نسلوں کی صحت کا تحفظ کے لئے کام کرنے والوں کو ہدف بنائیں۔ صدر نے ملک سے پولیو کی لعنت کے خاتمے کے لئے اپنے ذاتی اور حکومت کے غیر متزلزل عزم اور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم ملک میں ہر ایک بچے کو پولیو کے قطرے پلائے جانے اور پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمہ تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ دریں اثناء صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت تجارتی اور اقتصادی تعاون کے فروغ کو اپنے خارجہ پالیسی مقاصد کے لازمی جزو کی حیثیت سے بہت زیادہ اہمیت دیتی ہے، تمام سفارتکاروں کو دیگر ممالک کے ساتھ پاکستان کے تجارتی اور اقتصادی روابط کو مزید فروغ دینے کے لئے اقتصادی سفارتکاری کی بھرپور پیروی کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بات قطر کے لئے پاکستان کے نامزد سفیر شہزاد احمد سے ایوان صدر میں ملاقات کے دوران کی۔ صدر نے شہزاد احمد کو ان کی نئی ذمہ داریوں پر مبارکباد دیتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ قطر کے ساتھ پاکستان کے قریبی اور خوشگوار تعلقات کے مزید استحکام پر توجہ مرکوز کریں۔ صدر نے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ وہ مایا قدرتی گیس (ایل این جی) کے شعبہ میں پاک قطر تعاون کے فروغ اور پاکستان سے قطر کے لئے مزید افرادی قوت بھجوانے پر توجہ دیں۔ صدر ممنون حسین نے ان پر زور دیا کہ وہ مختلف شعبوں بالخصوص توانائی، تیل وگیس اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے موجودہ حکومت کی طرف سے پیش کردہ مراعاتی پیکج سے استفادہ کے لئے قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی اور قطر کے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔

ای پیپر-دی نیشن