• news

عمران موجودہ نظام کو ٹھوکر مارکر باہر نکل آئیں، انقلاب جلد آ جائیگا: طاہر القادری

اسلام آباد (آئی این پی) قائد پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے موجودہ حکمران کرپشن،نااہلیت،اور آمرانہ رویوں کی وجہ سے قوم کو تباہی ،انارکی اور بھیانک مستقبل کی طرف دھکیل رہے ہیں، مارشل لاء  نام نہاد سیاسی لیڈروں کی ناکامی نااہلیت اور حد سے بڑھ جانے والی کرپشن کی وجہ سے آتے رہے۔ فوجی لیڈروں کو بیٹھے بٹھائے از خود ملک کے سول افیئرز پر قبضہ کرنے کا کوئی شوق نہیں ہوتا۔کبھی بھی ملٹری رول نافذ کرنے سے فوج کی عزت افزائی نہیں ہوئی ،بلکہ وہ متنازعہ بنتے ہیں ۔ سیاسی حکمران جب انتہا کر دیں اور فوج دیکھے  ملک کوڑیوں کے بھائو لٹ رہا ہے، مہنگائی ،بیروزگاری، بد امنی، قتل و غارت گری بم دھماکوں کا تسلسل اور لوگوں کے بنیادی حقوق کی عدم دستیابی عوام کے جان و مال کے تحفظ میں ناکامی، اقرباء پروری جب یہ مسائل انتہا پر چلے جائیں اور ملک کا وجود خطرے میں پڑ جائے تو پھر ان سیاست دانوں کی نااہلیت خود فوج کو دعوت دیتی ہے۔ وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے عہدیداران سے بذریعہ وڈیولنک گفتگو کر رہے تھے۔  انہوں نے کہا روزانہ سکیورٹی فورسز کے جوانوں اور معصوم شہریوں پر بم دھماکے اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات  ہو رہے ہیں ۔ حکومت مذاکرات کا ڈھونگ رچا رہی ہے ۔جب حکمران غیر سنجیدہ ہوں امن انکی ترجیحات میں شامل ہی نہ ہو ،مہنگائی، بیروزگاری بد امنی اور امن و امان پر قابو پانا حکمرانوں کے خواب و خیال ہی میں نہ ہو ،کسی دہشت گرد پر کوئی گرفت نہ ہو ایسے مذاکرات سوائے فراڈ کے کچھ نہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا پاکستان عوامی تحریک ملک کو مارشل لاء سے بھی بچائے گی اور عوامی ریلے اور انقلاب کے ذریعے ان حکمرانوں کی لوٹ مار بھی ختم کرے گی۔ ان ظالموں سے ملک کا قبضہ چھین کر پر امن طریقے سے عوام کو منتقل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کیلئے نیک خواہشاک رکھتا ہوں مگر دو کشتیوں میں سواری ممکن نہیں۔ عمران خان دھاندلی کی پیداوار اس نظام کو نہیں مانتے تو پھر اس کو ٹھکرا کر باہر نکلنا ہو گا۔ اس استحصالی نظام کے خلاف جنگ لڑنا ہو گی۔ عمران خان آج فیصلہ کریں وہ سچا سمجھتے ہیں کہ یہ دھاندلی کا الیکشن مکمل فراڈ ہے تو میں انقلاب کا اعلان دور کرنے کی بجائے جلد کردونگا۔   ایک ایک اور دو گیارہ ہوتے ہیں۔ عمران خان صاف ذہن کے ساتھ ہمارے ساتھ شامل ہو جائیں اس دھاندلی میں بیٹھے کیوں ہیں ۔اسے رد کیوں نہیں کرتے ۔اس نظام نے عمران خان کو کچھ نہیں دینا ۔غریبوں اور نوجوان نسل کو کچھ نہیں دینا۔ عمران خان اس نظام کو ٹھوکر مار کر باہر نکل آئیں تو انقلاب جلد آ جائے گا۔ دو قوتیں مل کر نکلیں گی ،کروڑوں عوام نکلیں گے۔صرف چند مہینوں میں اس ملک کے محکوم عوام کو انقلاب دینے کیلئے تیار ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن