• news
  • image

واپڈا کی مجوزہ نجکاری: یوم احتجاج منایا گیا، دفاتر میں تالا بندی

واپڈا کی مجوزہ نجکاری: یوم احتجاج منایا گیا، دفاتر میں تالا بندی

لاہور (اپنے نامہ نگار سے+ نامہ نگاران) واپڈا کے ایک لاکھ پچاس ہزار کارکنوں نے ملک بھر میں محکمہ بجلی کی آئی ایم ایف کے دباﺅ پر مجوزہ نجکاری، سستی بجلی مہیا کرانے اور لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کیلئے یوم احتجاج منایا۔ آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے کے زیراہتمام جلسے و جلوس ، ریلیاں منعقد کی گئیں۔ لاہور میں یونین کے زیراہتمام کارکنوں نے بختیار لیبر ہال سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی بزرگ مزدور رہنما خورشید احمد کی زیرقیادت نکالی۔ ان کے ہمراہ رانا عبدالشکور، چوہدری مقصود، ساجد کاظمی، رانا اکرم، شیخ شعیب، رقیب شاہ، طارق پرویز، عثمان جدون و دیگر نمائندگان تھے۔ اس موقع پر بزرگ مزدور رہنما خورشید احمد نے مظاہرین کو خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ حکمرانوںکی ناعاقبت اندیش پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں چالیس سال کے عرصہ میں کوئی ڈیم تعمیر نہیں ہوسکا جس کی وجہ سے بجلی کی لوڈشیڈنگ اور بجلی دوگنی مہنگی ہو رہی ہے جبکہ عوامی جمہوریہ چین میں 100 اور بھارت میں 80 ڈیم بن چکے ہیں حکومت عوام کیلئے جنگی بنیادوں پر سستی بجلی مہیا کرانے اور ملک میں لوڈشیڈنگ کی لعنت کے خاتمہ کیلئے ڈیم اور کوئلہ کے تھرمل بجلی گھر سرکاری شعبہ میں جلد تعمیر کرائے اور آئی ایم ایف کے دباﺅ پر محکمہ بجلی کی نجکاری نہ کریں کیونکہ اس سے بین الصوبائی تنازعات پیدا ہوں گے۔ کارکنوں نے ملک میں صحافیوں اور معصوم شہریوں اور فوجیوں پر دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ وی آئی پی کا تحفظ کرنے کی بجائے ملک میں امن و امان قائم کرے اور مرحوم صحافیوں و شہریوں کے لواحقین کو پولیس کی طرح ڈیوٹی پر شہادت پانے پر امداد کی جائے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گزشتہ روز ملک بھر کی طرح پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک لیبر یونین گیپکو کے زیر اہتمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی نجکاری کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت ریجنل چیئر مین سی بی اے یونین اقبال ڈار اور سیکرٹری ولی الرحمن خان، عبدالرزاق جٹھول، اخلاق احمد چیمہ، عباس علی باجوہ، میاں عطاءالرحمن،احمد خاں رانجھا، نے کی، ریلی گیپکو چیف آفس سے شروع ہوئی۔ ریلی میں گیپکو کے ہزاروں ورکرز نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاءنے بینرز کتبے اور سرخ رنگ کے جھنڈے اٹھارکھے تھے۔ شرکاءنے ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی نجکاری کےخلاف زبردست نعرے بازی کی۔ احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی قائدین نے کہا کہ ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی پرائیوٹائزیشن ملک کی تباہی کا باعث بنے گی کیوں کہ اس سے ٹھیکیداری نظام کو فروغ ملے گا۔ لاکھوں مزدوروں کے بیروزگار ہونے کا خطرہ ہے۔ مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی نجکاری کا فیصلہ واپس لیا جائے ورنہ تاریخی احتجاجی دھرنا ہوگا، تالہ بندی کے ساتھ پورے ملک کی بجلی بند کر دی جائے گی۔ کوٹ رادھا کشن سے نامہ نگار کے مطابق واپڈا کی نج کاری کے خلاف کوٹ رادھا کشن سب ڈویژن ملازمین نے دفتر کی تالہ بندی کی جبکہ واپڈا یونین ڈویژن کے چیئرمین چودھری شاہد حسین نے کہا یہ نجکاری واپڈا ملازمین کا معاشی قتل ہے۔ سرائے مغل سے نامہ نگار کے مطابق واپڈا ملازمین نے نجکاری کے خلاف ہڑتال کر دی۔ تفصیلات کے مطابق سرائے مغل اور گرد و نواح میں قائم واپڈا دفاتر میں ہڑتال رہی، ملازمین دفتروں کو تالے لگا کر صبح سویرے جمع ہو کر واپڈا کی نجکاری کے خلاف نعرہ بازی کرتے رہے اور پھر واپڈا پیغام یونین کے رہنما سید شبیر حسین شاہ اور ہائیڈرو الیکٹرک یونین کے رہنما ظفر جوئیہ کی قیادت میں لاہور بڑے مظاہرے میں شامل ہونے کیلئے روانہ ہو گئے۔ بچیکی سے نامہ نگار کے مطابق بجلی کی تقسیم کا ر کمپنیوں کی مجوزہ نجکاری کے خلاف واپڈا یونین کی احتجاجی ریلی، دفاتر کی تالہ بندی، تفصیلات کے مطابق واپڈا یونین کے زیر اہتمام واپدا یونین سب ڈویژن بچیکی کے چیئر مین حاجی شہباز احمد اور جنرل سیکرٹری محمد عدنان گجرکی قیادت میں لاہور جڑانوالہ روڈ پر احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں غلام فرید، امیر خاں نیازی، رانا محمد اکرام، اکرام گجر، وقار اعوان، محمد امین قدوس، رائے محمد ولائت، امداد حسین سمیت دیگر ملازمین نے شرکت کی۔ اس موقع پر واپڈا ملازمین نے دفاتر کی تالہ بندی کی اور دفتر کام روک دیا۔ احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اگر حکومت نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی مجوز ہ نجکاری کا فیصلہ واپس نہ لیا تو واپڈا ملازمین راست اقدام پر مجبور ہو جائیں گے۔ بعدازاں ملازمین لاہور پریس کلب کے سامنے ہو نے والے احتجاج میں شرکت کے لئے لاہور روانہ ہو گئے۔
واپڈا نجکاری/ احتجاج

epaper

ای پیپر-دی نیشن